بے قابو ٹرک اور دو چھوٹی لوڈ کئیریر گاڑیوں کا تصادم،2زخمی

بانہال//جمعرات کی دوپہر جموں سرینگر شاہراہ پر ناشری چینینی ٹنل کے باہر ایک ٹرک نے دو چھوٹی لوڈ کئیر گاڑیوں کو ٹکر ماری دی جس کے نتیجے میں دو چھوٹی لوڈ گاڑیوں میں سوار دو افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ جموں سے سرینگر کی طرف آنے والے ایک مال بردار ٹرک بظاہر تکنیکی خرابی کی وجہ سے بے قابو ہوکر سبزی لیکر چل رہی دو ٹاٹا موبائل گاڑیوں کو شدید ٹکر مار دی جس کی وجہ سے ایک گاڑی فورلین سڑک سے قریب دس میٹر نیچے دوسرے روڈ پر گر گئی جبکہ دوسری گاڑی پچھلی پہاڑی سے ٹکرائی بعد میں یہ ٹرک بھی پچھلی پہاڑی سے جا ٹکرایا اور ایک بڑا حادثہ ٹل گیا ۔ ٹرک کی زد میں آئی ان  دو نوں گاڑیوں میں دو مسافر زخمی ہوئے جنہیں پولیس نزدیکی طبی مرکز پر منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی ۔ اس بے قابو ٹرک کی وجہ سے پیش آئے اس حادثے میں پولیس نے ضابطے کی کاروائی شروع کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔ اس حادثے میں زخمیوں کی شناخت اور دیگر تفصیلات کا انتظار ہے۔ اس بارے میں ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائی وے رام بن شبیر احمد ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تین گاڑیوں کے اس تصادم کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کچھ وقت کیلئے متاثر ہو کر رہ گیا تاہم بعد میں متاثرہ گاڑیوں کو ایک طرف کرکے معمول کے ٹریفک کو بحال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے ایک شخص زخمی ہوا ہے اور حادثے کی وجوہات کا پتہ لگایا جارہا ہے۔