بے سہارہ بچوں کیلئے بفلیاز میں ہوسٹل تعمیر کروایا گیا

حسین محتشم

پونچھ//خطہ پیرپنچال کی مشہور و معروف غیر سرکاری تنظیم خواجہ غریب نواز سوسائٹی کی جانب سے بلاک بفلیاز کے گاوں دھڑہ موڑہ میں ایک ہوسٹل کا افتتاح کیا گیا۔تنظیم نے یہ ہوسٹل غریب مجبور اور لاچار بچوں کے لئے تعمیر کروایا ہے تاکہ ان کو وہاں رکھ کر ان کی تعلیم و تربیت کی جا سکے۔واضح رہے کہ خواجہ غریب نواز سوسائٹی پہلے بھی بچیوں کی شادیاں کروا چکی ہے،کچھ غریب خاندانوں میں مفت راشن بھی تقسیم کیا گیا۔ اس کے علاوہ ہسپتال کے لئے بھی کئی بار ضروری سازو سامان مہیا کیا جاتا رہا ہے۔

 

غیر سرکاری تنظیم نے پہلے بھی بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں اب یہ ہوسٹل بنایا گیا ہے جہاں بچوں کو مفت کھانے پینے رہنے اور تعلیم حاصل کرنے کی سہولے فراہم کی جائیگی۔تنظیم کے بانی بشیر احمد،ضلع صدر امجد خان،ضلع نائب صدر سرفراز حسین قریشی اور دیگر ممبران نے بتایا اس وقت 15بچے ہوسٹل میں رہ رہے ہیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹرسٹ کا مالی تعاون کرکے غریب و نادار، لاچارو یتیم بچوں کی امداد میں اپنا حصہ ڈالیں۔