بی ڈی سی منکوٹ نے بلاک کا درہ کیا

مینڈھر //بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین منکو ٹ امان اللہ چوہدری نے بلاک کے مختلف علا قوں کا دورہ کرکے مکینوں کو درپیش مشکلا ت کا جائزہ لیا ۔اس موقعہ پر ان کے ہمراہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے ایگز یکٹو انجینئر بھی موجود تھے ۔آفیسر موصوف نے بلنوئی سڑک کا معائینہ کرکے یقین دلایا کہ اس سڑک کو جلدازجلد تیار کرنے کیلئے ٹینڈر لگایا جائے گا تاکہ سڑک کی تعمیر کا عمل جلد ہی شروع کیا جائے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ سڑک اس سے قبل محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے زیر تحت تعمیر کی جارہی تھی تاہم زمینی کٹائی کے بعد اس کو یوں ہی چھوڑ دیا گیا تھا لیکن حال ہی میں مذکورہ سڑک کو محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے زیر تحت لایا گیا ہے ۔اس دوران بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین نے اسسٹنٹ ڈائر یکٹر فوڈ سپلائی سے کہا کہ بلاک منکوٹ کی دبڑاج ،گھانی ،کسبلاڑی اور ناڑ منکوٹ جیسی پنچایتوں میں مواصلاتی سروس ہی دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سے راشن کی فراہمی کیلئے بائیو میٹرک نظام کام نہیں کررہا ہے جبکہ متعلقہ ملازمین صارفین کو منکوٹ سے راشن لینے کیلئے مجبور کررہے ہیں جو کہ ایک مشکل عمل ہے ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ مشکل کو حل کر کے عید الاضحی سے قبل ہی صارفین کو راشن فراہم کیا جائے ۔