راجوری//محکمہ تعمیرات عامہ پر فنڈز کے غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کی چیرمین سیری، نینا شرما نے کہا ہے کہ محکمے کی طرف سے تعمیر کی گئی کئی سڑکیں تعمیر کے کچھ مہینوں بعد خستہ حال ہو گئی ہیںجبکہ لائن آف کنٹرول کی آبادی پر کروڑوں روپے خرچ کر کے بنائے گئے بنکر ناقص کام کی وجہ سے اس وقت پانی سے بھرے ہوئے ہیں ۔انہوں نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے زیر تحت تعمیر ہوئے پروجیکٹوں کی اعلیٰ سطحی تحقیقات شروع کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا چونا لگایا گیا ہے ۔راجوری ضلع کے نوشہرہ سب ڈویژن میں واقع بلاک ڈیولپمنٹ کونسل سیری کی چیئر مین نے بتای اکہ ان کے دائرہ اختیار میں زیادہ تر علاقہ لائن آف کنٹرول کے ساتھ آتا ہے جبکہ موصوفہ نے غیر معیاری تعمیر اتی کاموں کے سلسلہ میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کو ایک خط لکھ کر ان سے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کی اپیل کی ہے تاکہ سرکاری خزانے کو چونا لگانے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔موصوفہ کی جانب سے تحریر کیا گیا خطہ جس کی ایک کاپی کشمیر عظمیٰ کے پاس بھی موجود ہے ،بی ڈی سی کی چیئرمین سیری، نینا شرما نے کہا ہے کہ محکمہ تعمیرات عامہ نے لائن آف کنٹرول کے ساتھ رہنے والے لوگوں کی حفاظت کیلئے بنائی جارہے بنکروں میں انتہائی غیر معیاری ساز و سامان کا استعمال کیا ہے ۔انہوں نے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ تعمیر شدہ بنکروں میں زیادہ تر ایسے ہیں جن میں 3سے 4فٹ تک پانی جمع ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ انتہائی خستہ حال و نا قابل استعمال ہیں تاہم دوسری جانب ان بنکروں کی تعمیر کے دوران سرکاری خزانے کا غلط استعمال بھی کیا گیا ہے ۔بی ڈی سی چیئرمین نے مزید کہا کہ محکمہ کو ہدایت دی جائے کہ بلاک میں کسی بھی پروجیکٹ کیلئے پنچ، سرپنچ اور بی ڈی سی سے مکمل ہونے کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا جائے تاکہ سرکاری فنڈز کے غلط استعمال کو روکا جاسکے۔چیرمین نینا شرما نے علاقے میں سڑکوں کی تعمیر میں ناقص معیار کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ نے 3 سے 5 ماہ قبل جبا تا بابا مائی مال سڑک کی بلیک ٹاپنگ مکمل کی ہے لیکن اب اس سڑک کی حالت ابتر ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ چند روز قبل محکمہ نے ڈبلیو بی ایم گریڈ سیکنڈکے راستے ڈل سے سمبل تک ایک اور سڑک کی تعمیر کا کام مکمل کیا ہے لیکن اس سڑک کی حالت بھی خستہ ہے۔انہوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے زیر تحت تعمیر ہوئے پروجیکٹوں کی جانچ کے سلسلہ میں ایک ٹیم کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔
بی ڈی سی سیری پی ڈبلیو ڈی محکمہ کیخلاف سراپا احتجاج | سڑکوں و بنکروں کی حالت خستہ ،فنڈز میں ہیرا پھیری کا الزام عائد
