رائے پور// چھتیس گڑھ ریاست میں کانگریس کے رہنما اور وزیر اعلیٰ نے وزراء کی تعداد بڑھانے کے بارے میں وزیر اعظم کو خط لکھنے کے بیان پر سوال اٹھانے پر بی جے پی کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر آئینی طریقے سے پارلیمانی سکریٹری بنانے والی بی جے پی ہمیں سبق سکھانے کی کوشش نہ کرے ۔ریاست میں کانگریس کے ترجمان دھننجے سنگھ ٹھاکر نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ سابقہ بی جے پی حکومت نے آئین کی خلاف ورزی کر کے پارلیمانی سکریٹریوں کی تقرری کی تھی اور سرکاری خزانے سے کروڑوں روپیے کا خرد برد کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ آئین سے پرے جا کر ریوڑی کی طرح پارلیمانی سکریٹری کا منصب بانٹنے والے اب آئین کی دہائی دے رہے ہیں۔ کانگریس تو آئین کے دائرے میں رہ کر وزراء کی تعداد بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ اسی لیے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر کابینہ کی تعداد میں اضافے کی اجازت طلب کی ہے ۔ وزیر اعظم کو خط لکھ کر مطالبہ کرنا غیر مناسب کیوں ہے ؟ بی جے پی بتلائے !انہوں نے وزیر اعلیٰ بگھیل سے بی جے پی کے دور اقتدار میں آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پارلیمانی سکریٹریوں پر خرچ ہونے والے خزانے کی وصولی کیے جانے اور وصولی کی رقم کو اسپتالوں میں انتظام درست کیے جانے پر خرچ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔یو این آئی