بی جے پی ہروقت الیکشن کیلئے تیار

سری نگر// وزیراعظم کے آفس میں مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات منعقد کروانے کا فیصلہ ان کے پاس نہیں ہے کیونکہ اس کے لئے ملک میں الگ آئینی ادارے موجود ہیں ۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے جیتندر سنگھ نے کہا کہ انتخابات کے بارے میں فیصلہ کرنا ان کے بس میں نہیں ہے تاہم انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس قسم کی پارٹی ہے جو ہمیشہ انتخابات کے لیے تیار رہتی ہے اور اس کے کارکنان 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چاہے وہ پارلیمنٹ کا الیکشن ہو، اسمبلی کا الیکشن ہو یا پنچایت کا الیکشن ہو ہمارے کارکنان ہمیشہ ہر وقت وقت تیار ہیں لیکن الیکشن کے بارے میں فیصلہ کرنا ہمارا کام نہیں، اس کے لیے الگ ادارے ہیں اور یہ آئینی ادارے ہیں جو الیکشن کا فیصلہ کرتے ہیں۔جموں و کشمیر میں بے روزگاری کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سمیت ہندوستان میں ہر جگہ بے روزگاری ہے، تاہم پی ایم مودی کی قیادت والی ایک ذمہ دار حکومت ہمیشہ ایسے مواقع پیدا کرنے پر کام کر رہی ہے جو نوجوانوں کو روزگار فراہم کر سکیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کے دور میں شروع کئے گئے پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے کا مطلب ہے کہ وہ انہیں مکمل کرنے میں ناکام رہے ہیں اور یہ ان کی حکومت (بی جے پی) ہے جو ان منصوبوں کو مکمل کر رہی ہے اور تعمیر و ترقی کو عوام کے دہلیز پر پہنچا رہی ہے۔