بی جے پی گمراہ کن نعروں اور جعلی وعدوں پر انحصار کرتی ہے: ہرش دیو

رام نگر//بی جے پی کی جانب سے ووٹ حاصل کرنے کیلئے حال ہی میں سرجیکل حملوں کی انتخابی ریلیوں میں سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے جے کے این پی پی کے چیئر مین ہرش دیو سنگھ نے کہا کہ ایسے شور و شرابہ سے پارٹی کی شبہیہ متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے بی جے پی کی ناکامی صاف دکھائی دیتی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ دور اقتدار میں پارٹی نے لوگوں کی بھلائی کیلئے کوئی کام نہیں کیا ہے اوا اب آرمڈ فورس کی حصولیابیوں کو اجا گر کرکے سیاسی فائدہ اُٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ہرش دیو سنگھ حلقہ کے کیا، مجوری، بسنت گڑھ ،جکھیڈ حلقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے کشمیر پر مرکوز لیڈروں کے ساتھ سمجھوتہ کرکے جموں کے مفاد کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں سنگ بازوں کو رہا کرنے ،ملی ٹینٹوں کی باز آباد کاری کے اعلانات، جموں خطہ میں ملازمتوں کے حصہ پر خاموشی اختیار کرنے، قوم دشمن عناصر اورعلحیدگی پسندوں کی خوشنودی وغیرہ سے جموں کے عوام کے توقعات کو ٹھیس پہنچی ہے۔انہوں نے بی جے پی سے متعدد سوال پوچھے ہیں جن میں 23ستمبر کو سرکاری تعطیل کا اعلان نہ کرنے، مبارک منڈی ہیریٹیج کمپلیکس ،پتنی ٹاپ کیبل کا رپروجیکٹ کو التوا میں رکھنے ،جھیل توی پروجیکٹ کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کا جواب مانگا ہے ۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی نے کشمیری لیڈر شپ کے سامنے گھٹنے ٹیک دئے ہیں اور لوگوں کو ڈوگروںکے وقار اورفخر کے لئے جے کے این پی پی کو حمایت دینے کی اپیل کی ہے۔