بی جے پی کی نظر پیر پنچال پر ۔2دنوں میں امیت شاہ اور راج ناتھ کی 6ریلیاں

پارٹی صدر نڈا جموں میں روڑ شو کریں گے

جموں//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج یعنی سنیچر کو جموں خطہ کے2 روزہ دورے پر پہنچ رہے ہیں تاکہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی مہم کو تقویت ملے۔یہ دوسرا موقع ہے جب شاہ جموں خطے میں انتخابی مہم کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی پیروی کر رہے ہیں۔شاہ راجوری-پونچھ اور جموں کے جڑواں سرحدی اضلاع میں ریلیوں کے ایک سلسلے سے خطاب کرنے والے ہیں۔راجوری، پونچھ اور ریاسی اضلاع میں دوسرے مرحلے میں 25 ستمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ 21ستمبر کو راجوری،سرنکوٹ، مینڈھر اور تھنہ منڈی ، اکھنورمیں وہ جگہیں ہوں گی جہاں مرکزی وزیر داخلہ 21 ستمبر کو بی جے پی امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ریلیوں سے خطاب کریں گے۔وہ22ستمبر کو نوشہرہ میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے ۔

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اتوار22ستمبر کو سرنکوٹ اور جموں میں تین انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔اس کے علاوہ پارٹی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا بھی 20 ستمبر کو جموں کا دورہ کرنے والے ہیں۔ پارٹی صدر نڈا پارٹی مہم کو مزید فروغ دینے کے لیے جموں میں ایک روڈ شو کریں گے۔شاہ نے 16 ستمبر کو رام بن اور پاڈر میں تین انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا، جس کے دو دن بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلے مرحلے میں ڈوڈہ (14 ستمبر کو) ایک ریلی سے خطاب کیا تھا۔قبل ازیں شاہ نے جموں کا دو روزہ دورہ 6 اور 7 ستمبر کو کیا تھا۔6 ستمبر کو، اس نے پارٹی کا منشور جاری کیا اور شام کو جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لیے حکمت عملی بنانے والے پارٹی رہنمائوں کے ساتھ بات چیت کی۔7 ستمبر کو انہوں نے جموں شہر میں پارٹی کارکنوں کے ایک بڑے کنونشن سے خطاب کیا۔