کہا عوام غیر اعلانیہ ایمرجنسی جیسی صورتحال میں جی رہی ہے
رائے پور//راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر اور کانگریس کے سینئر رہنما غلام نبی آزاد نے 50 سالوں تک اقتدار میں رہنے کے بی جے پی کے بیان کو آمریت کی تازہ مثال قراردیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں یقین رکھنے والی پارٹیاں اور رہنما ایسے بیان نہیں دے سکتے ۔ آزاد نے رافیل جنگی طیاروں کے سلسلے میں ایک کانفرنس میں صحافیوں کے ذریعہ جب بی جے پی کے صدر امت شاہ کے 50 سالوں تک اقتدار میں رہنے کے بیان کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا '' جمہوریت میں عوام ہی سب سے اعلی ہیں اور اقتدار میں رہنے والی پارٹیاں ہر پانچ سال بعد اپنی حکومت کی حصولیبابیوں کی بدولت ان کے پاس منڈیٹ مانگنے جاتی ہیں لیکن جنکو عوام کے بجائے ای وی ایم اور دوسرے تراکیب پربھروسہ ہوتا ہے وہ اس طرح کی باتیں کرتے ہیں۔انہوں نے شاہ کے اس بیان کو موجودہ حکومت کے آمرانہ رویے کی تازہ مثال بتاتے ہوئے اس پر اپوزیشن کو دبانے ، میڈیا پر دباؤ بنانے اور الکٹرانک و پرنٹ میڈیا پر اپوزیشن پارٹیوں کی خبروں کو روکنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آج ہم جس سیاسی صورتحال میں جی رہے ہیں اس سے صاف ہے کہ یہ غیر اعلانیہ ایمرجنسی ہے ۔ جتنے احکامات ایمرجنسی میں نافذ ہوتے ہیں ،وہ سبھی غیر قانونی طریقے سے اس وقت نافذ ہیں۔رافیل طیاروں کی خرید کے معاملے کو آزادی کے بعد کا سب سے بڑا دفاعی گھپلہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک کا آغاز اس لئے نہیں ہو پا رہا ہے کیونکہ پارلیمنٹ کے اندر اور اس کے باہر اس ضمن میں اٹھائے جانے والے سوالات کو قومی میڈیا میں جگہ نہیں مل پارہی ہے ،ان پر حکومت کا بھاری دباؤ ہے ۔ اس وجہ سے کانگریس کو ریاستوں میں جاکر میڈیا میں اپنی بات رکھنے پر مجبور ہونا پڑا ہے ۔یو این آئی