بی جے پی منشور کمیٹی پارٹی کے وژن کو تشکیل دینے کیلئے لوگوں تک پہنچی

عظمیٰ نیوزسروس

جموں//بی جے پی کے سینئر لیڈر دیویندر سنگھ رانا نےکہا کہ پارٹی کی منشور کمیٹی قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات کے وژن کی تشکیل میں
ان کی تجاویز اور قیمتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش میں لوگوں کے ایک بڑے حصے کے ساتھ مصروف عمل ہے۔ایس نریندر سنگھ، دیویندر سنگھ رانا، بھارت بھوشن، چیئرمین ڈی ڈی سی، جموں، ایڈوکیٹ، سنیل سیٹھی، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) آر کے شرما، اور وائی وی شرما پر مشتمل کمیٹی نے چیمبر آف کامرس، انڈسٹری ایسوسی ایشنز، کنفیڈریشن، آل انڈیا ٹریڈ ایسوسی ایشنز، آل جے اینڈ کے ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن، ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن اور آل جے اینڈ کے سکھ کوآرڈینیشن کمیٹی کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی اور جموں و کشمیر میں بی جے پی کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کے لیے تجاویز طلب کیں۔یہ کمیٹی معاشرے کے تمام طبقات بشمول نوجوانوں کے گروپس، کسانوں، خواتین کی تنظیموں، سول سوسائٹی کے ارکان، کمزور طبقات کے نمائندوں خصوصاً درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل، دیگر پسماندہ طبقات، مغربی پاکستان کے بے گھر افراد اور 1965 کے بے گھر افرادد، تک رسائی حاصل کرے گی۔ کمیٹی عوام الناس کی آراء جاننے کے لیے گروپ ڈسکشن اور نکڑ اجلاس بھی منعقد کرے گی۔ بی جے پی منشور کمیٹی آن لائن پلیٹ فارم، سوشل میڈیا، اور اس مقصد کے لیے قائم کی جانے والی وقف ہیلپ لائنز کے ذریعے عام لوگوں سے تجاویز بھی طلب کرے گی۔