عشرت حسین بٹ
پونچھ//پونچھ سے تعلق رکھنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لیڈر کے پرسنل سیکورٹی آفیسر (پی ایس او) کی پیر کی شام حادثاتی طورپر گولی لگنے کی وجہ سے موت واقع ہو گئی ۔مذکورہ بی جے پی لیڈر سرنکوٹ حلقہ کے ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) کے رکن ہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ بی جے پی رہنما پونچھ کے سرنکوٹ قصبے کے آئی ٹی آئی محلہ میں ایک گھر کے اندر میٹنگ میں شریک تھے اور ان کے دو پی ایس او مذکورہ گھر کے باہر موجود تھے جب ایک اہلکارکی حادثاتی طورپر گولی چلنے کی وجہ سے موت واقع ہو گئی ۔ متوفی کی شناخت ایس پی او محمد آصف کے نام سے ہوئی، وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جس کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے علاوہ ضروری قانونی کارروائیاں کیں۔جموں وکشمیر بھاجپا کے صدر رویندر رینہ نے بھی اہل خانہ سے ملاقات کی ۔