بی جے پی بنگال میں جمہوریت اورآئین کی بحالی کیلئے جدوجہد کرے گی:نڈا

نئی دہلی//و این آئی// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے کہا ہے کہ بی جے پی مغربی بنگال میں جمہوریت اور آئین کی بحالی کے لیے جمہوری طریقے سے لڑے گی اتوار کو یہاں بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو کی ایک روزہ میٹنگ کا آغاز مسٹر نڈا کی صدارتی تقریر سے ہوا۔پارٹی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں مسٹر نڈا کی تقریر کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اس میٹنگ میں مغربی بنگال میں سیاسی تشدد کے واقعات پر تنقید کی گئی۔میٹنگ کے دوران اپنے خطاب میں مسٹرنڈا نے کہا کہ مغربی بنگال میں بی جے پی جس تیز رفتاری سے بڑھی ہے، ایسی مثال ہندوستانی سیاست میں کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال کے لوگوں کے ساتھ بی جے پی چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ بی جے پی ریاست میں ایک نئی کہانی تیار کرے گی۔مسٹرنڈا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کورونا کے مشکل وقت میں ملک کو ایک چیلنجنگ راستے سے آگے لے آئے ہیں۔