بی جے پی بلدیاتی و پنچایتی انتخابات کیلئے تیار: رویندر رینا

عظمیٰ نیوز سروس

جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی صدر رویندر رینہ نے کہا کہ پارٹی جموں اور کشمیر میں اربن لوکل باڈیز اور پنچایتی انتخابات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے۔رویندر رینا نے پارٹی کے جنرل سکریٹری (تنظیم) اشوک کول اور دیگر سینئر لیڈروں کے ساتھ پارٹی ہیڈکوارٹر، تریکوٹہ نگر، جموں میں دن بھر کئی میٹنگوں سے خطاب کیا۔پہلی میٹنگ میں رویندر رینا، اشوک کول، اور پارٹی جنرل سکریٹریز ایڈووکیٹ وبود گپتا اور ڈاکٹر دیویندر کمار منیال نے جموں ریاسی پارلیمانی حلقہ کور گروپ کی میٹنگ سے خطاب کیا جس میں کور گروپ کے متعلقہ ارکان نے شرکت کی۔اسی طرح ایک اور میٹنگ میں، بی جے پی کے سینئر لیڈروں نے اربن لوکل باڈی، پنچایتی راج اداروں کے کنوینر اور کنوینر، ضلع پربھاریوں، ضلع صدروں اور ضلع سہ پربھاریوں کے ساتھ بات چیت کی۔

رویندر رینا نے میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے مختلف سطحوں پر اہم ذمہ داریاں نبھانے والے پارٹی قائدین پر زور دیا کہ وہ یو ایل بی اور پنچایتوں کے آئندہ انتخابات کے پیش نظر اپنی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں۔انکاکہناتھا”بی جے پی اپنے لیڈروں اور زمینی سطح کے کارکنوں کے ساتھ گھر گھر مہم چلانے، انہیں مختلف فلاحی سکیموں کے بارے میں تعلیم دینے اور مرکزی حکومت کی سماجی تحفظ کی اسکیموں کے فوائد حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنے کے دوران عوام کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں ہمیشہ میدان میں رہتی ہے‘‘۔رینا نے مزید کہا کہ پارٹی ان انتخابات میں جانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔اشوک کول نے ان میٹنگوں میں آنے والے مہینوں میں منعقد ہونے والے مختلف پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ پروگرام زمینی سطح پر عوام تک ان کی رسائی میں بھی ان کی مدد کریں گے۔