بی بی ویاس کا عوامی دربار

 سرینگر//گورنر کے مشیر بی بی ویاس نے یہاں جے کے گورنرس گریونس سیل کے تحت عوامی دربا رکا انعقاد کیا۔انہوں نے عوامی مسائل کو فوری طور سے حل کرنے کی ہدایات دیں۔عوامی دربار کے دوران40 وفود اور45 افراد نے مشیر کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے اپنے مطالبات حل کرنے میں اُن کی مداخلت طلب کی۔ایم ایل اے چودھری سکھ نند نے جموں کریشر ایسوسی ایشن کی نمائندگی کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کو درپیش مسائل مشیر کے نوٹس میں لائے۔ایم ایل اے ایم وائی تاریگامی نے اپنے حلقے کے مطالبات کو مشیر کی نوٹس میں لایا اور انہیں جلد از جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ایم ایل اے عبدالغنی کوہلی نے بھی اپنے حلقے کے مسائل کو اُجاگر کیا۔سابق ایم ایل سی رفیق شاہ نے اپنے علاقے کے عوامی نوعیت کے پروجیکٹوں میں تیزی لانے کی وکالت کی۔کالج کنٹریکچول اساتذہ کے ایک وفد نے اُن کی ملازمتوں کو باقاعدہ بنانے کا معاملہ مشیر کے سامنے رکھا۔کشمیر ٹرانسپورٹس کے ایک وفد نے مختلف محکموں میں التواء میں پڑی رقومات کو واگذار کرنے کا مطالبہ کیا۔ڈل مکینوں کے ایک وفد نے اُن کی باز آباد کاری کے معاوضے کو بڑھانے کا مطالبہ کیا۔چیمبر آف انڈسٹریز گرؤتھ سینٹر اندسٹریل گروتھ سینٹر لاسی پورہ پلوامہ کے ایک وفد نے بھی صنعت کاری سے جڑے کئی معاملات کو اُجاگر کیا۔مشیر کے ساتھ جن دیگر وفود نے ملاقات کی اُن میں جموں وکشمیر کولڈ سٹوریج ایسوسی ایشن، کشمیر آرٹیزن ایسوسی ایشن، کنٹریکچول ملازمین ایسوسی ایشن، سیکاپ یونٹ ہولڈرز، لال چوک، بڈشاہ چوک اور دیگر علاقوں کے تاجر، قمر وار کے دکاندار، ٹرانسفارمرس ریپیرینگ یونٹس جموں وکشمیر، بور مائیگرینٹ( کپواڑہ)، جموں وکشمیر الیکٹرک ڈپلومہ ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل ہیں۔گورنر کے مشیر نے یہ مسائل غور سے سُنے اور کہا کہ حکومت نے پہلے ہی محکموں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ عوام کے مسائل فوری طور پر حل کریں تا کہ انہیں دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے وفود کو یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مطالبات کو متعلقہ محکموں تک پہنچایاجائے گا۔