بی بی ویاس اور چیف سیکرٹری کی انتظامی سیکرٹریوں کے ساتھ میٹنگ

سرینگر//گورنر کے مشیر بی بی ویاس اور ریاست کے چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے انتظامی سیکرٹریو ں سے کہا ہے کہ وہ لوگوں کی ترقیاتی ضروریات اور اُمیدوں کو پورا کرنے کے لئے التواء میں پڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کی تکمیل کے لئے بامعنی اقدامات کریں۔سول سیکرٹر یٹ میں آج مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران مشیر موصوف اور چیف سیکرٹری نے انہیں ہدایت دی کہ وہ عوامی دربارو ں کے دوران گورنر اور اُن کے مشیروں کی جانب سے لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو عملی جامع پہنانے اور ان کے مسائل حل کرنے کی جانب فوری توجہ دیں۔موسم سرما کی آمد کے پیش نظر انتظامی سیکرٹریوں کو لداخ خطہ اور برف باری کے بعد منقطع ہونے والے دیگرپہاڑ ی علاقوںکے لئے اشیاء ضروریہ کی سپلائی اور سٹاک پوزیشن یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔چیف سیکرٹری نے زراعت اور باغبانی محکمہ کے سیکرٹری کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی دستیاب رکھنے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں فصلوں کی کٹائی کے عمل میں جدید مشینیں استعمال کی جاتی ہیں جس کی وجہ سے کسان ترقی کے اہداف حاصل کرتے ہیں۔چیف سیکرٹری نے سیبوں کی پیکنگ میں بھی جدید ٹیکنالوجی اپنانے پر زور دیا تا کہ اس میوے کے معیار کو برقرار رکھا جاسکے۔