عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف)کے ڈائریکٹر جنرل شری دلجیت سنگھ چودھری نے پولیس ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ انسپکٹر جنرل (آئی جی)بی ایس ایف کشمیر شری اشوک یادو بھی تھے۔دورے کے دوران، ڈی جی بی ایس ایف نے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آر آر سوین اور دیگر اعلی پولیس افسران سے بات چیت کی۔سپیشل ڈی جی پی نلین پربھات، اے ڈی جی پی (ہیڈ کوارٹر) پی ایچ کیو، شری ایم کے سنہا، اے ڈی جی پی لا اینڈ آرڈر شری وجے کمار بھی بات چیت کے دوران موجود تھے۔بات چیت کے دوران افسران نے سرحدوں کے ساتھ اور اندرونی علاقوں میں سیکورٹی کے موجودہ منظر نامے پر توجہ مرکوز کی اور لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انسداد دراندازی کے اقدامات اور جموں و کشمیر پولیس سیکورٹی چیلنجوں سے نمٹنے پر زور دیا۔اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل دلجیت سنگھ چودھری نے ہفتہ کو جموں و کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں لائن آف کنٹرول(ایل او سی) کے ساتھ ساتھ اگلے علاقوں کا دورہ کرکے فورس کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔افسران نے بتایا کہ چودھری نے ضلع کپواڑہ میں ایل او سی کے ساتھ ساتھ آگے کے مقامات کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکورٹی کی صورتحال اور وہاں تعینات یونٹ کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بتایا گیا۔انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف کے ڈی جی نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور ثابت قدمی کی تعریف کی۔