بی ایس ایف نے اکھنور سیکٹر میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا

نیوز ڈیسک
جموں// بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے اکھنور سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر جمعرات کی صبح ایک آپریشن کے دوران اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جمعرات کی صبح اکھنور سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر ایک تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران سیکورٹی فورسز نے اسلحہ وگولہ بارود بر آمد کیا۔

بر آمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود میں ایک اے کے 47 رائفل، اس کی بیس گولیاں، ، اس کا ایک میگزین، اٹلی ساخت کے دو پستول، ان کی چار میگزین، اور چالیس گولیاں شامل ہیں۔

دریں اثنا بی ایس ایف جموں فرنٹیئر کے ڈی آئی جی ایس کے سنگھ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے بین الا قوامی سرحد پر بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا۔

انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف ہمیشہ الرٹ رہتی ہے اور بین الاقوامی سرحد کی حفاظت کے لئے پر عزم ہے۔