بی ایس ایف اہلکار کی نعش حد متارکہ کے قریب سے برآمد

راجوری//راجوری ضلع کے سندربنی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ایک اگلی چوکی کے قریب باڈر سیکورٹی فورس کی 69 بٹالین کے ہیڈ کانسٹیبل رینک کے اہلکار کی نعش برآمد ہوئی۔اس اہلکار کو پراسرار طور پر مردہ حالت میں پایاگیااوراس کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل ویرپال سنگھ کے طور پر کی گئی ہے جو علاقے میں ایک اگلی چوکی پر تعینات تھا۔پولیس حکام کے مطابق ’’ابتدائی طور پر یہ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ اہلکاربدھ اور جمعرات کی درمیانی شب لاپتہ ہوا اور جمعرات کی صبح وہ قریبی علاقہ میں مردہ حالت میں پایا گیا‘‘۔انہوں نے مزید بتایا’’اسے سب ضلع ہسپتال سندر بنی لے جایا گیا جہاں اُسے مردہ قرار دیاگیا اور بعد ازآں طبی و قانونی لوازمات ادا کی گئیں‘‘۔پولیس حکام کے مطابق معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔