’بیٹی خوشحال اور روشن مستقبل کی تصویر ‘

 ساگر // صدر رام ناتھ کووند نے ہر میدان میں لڑکیوں کی ترقی پراظہار خوشی کرتے ہوئے آج کہا کہ مستقبل میں کہیں ایسا نہ ہو کہ بیٹوں کو ریزرویشن کی ضرورت پیش آجائے ۔ کووند نے مدھیہ پردیش کے ساگر کے ڈاکٹر ہری سنگھ گوڑ سینٹرل یونیورسٹی کے 27 ویں تقسیم اسناد کی تقریب کو خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انھوں نے تقریب میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اسٹیج سے 11 میڈل دئے جارہے ہیں ان میں سے 10 بیٹیوں کو ملے ہیں ۔ کل 53 میں سے 32 میڈل بیٹیوں کو دئے گئے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیٹیوں کو برتری مل رہی ہے ۔ صدر نے کہا کہ وہ بیٹیوں کے بڑھتے قدم کو سماج میں ایک تبدیلی کی شکل میں دیکھتے ہیں ۔ یہ خوشحال اور روشن مستقبل کی تصویر ہے ۔ انھوں نے خواتین کے لئے ریزرویشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیاں ایسا ہی مظاہرہ کرتی رہیں تو آنے والے دنوں میں بیٹوں کو ریزرویشن کی ضرورت نہ پڑجائے ۔ 15 منٹ کے خطاب میں مسٹر کووند نے مدھیہ پردیش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسے صرف ملک کے بیچ میں ہونے سے دل نہیں کہا جاتا ہے بلکہ یہاں ہندوستانی تہذیب اور غورو فکر کی لہریں گزرتی ہیں ۔ اس لئے یہ دل ہے ۔ صدر کووند نے پروگرام میں موجود مدھیہ پردیش کے گورنر مسز آنندی بین پٹیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے دو بیٹیوں کو نرمدا ندی میں ڈوبنے سے بچایا تھا ۔ جس کے لئے انھیں اعزاز سے نوازا بھی گیا تھا ۔ ایک استاد کی حیثیت سے بھی انھوں نے قابل تعریف کارنامہ انجام دیا۔  انھوں نے وزیر اعلی شیو راج سنگھ چوہان کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ ایک عام خاندان سے آکر وزیر اعلی بنے ۔ انھوں نے ہمہ گیر ترقی کے لئے بہت اچھا کام کیا ہے ۔ مسٹر کووند نے ہری سنگھ گوڑ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ امتیازی خوبیوں کے حامل تھے ۔ اس یونیورسٹی کو جدید بنانے میں ان کا اہم رول ہے ۔ اس کے لئے انھوں نے اپنی جائیداد وقف کر دی تھی ۔  پروگرام میں مرکزی خواتین اور فروغ اطفال کی ریاستی وزیرڈاکٹر ویریندر کمار ، فروغ انسانی وسائل کی ریاستی وزیر ستیہ پال سنگھ ، مقامی ایم پی لچھمی نارائن یادو ، یو نیورسٹی کے چانسلر بلونت شانتی لال جانی ، وائس چانسلر آر پی تیواری وغیرہ بھی موجود تھے ۔ مسٹر کووندآج صبح ہی دو روزہ مدھیہ پردیش کے سفر پر یہاں پہنچے ہیں ۔ یو این آئی ۔