بیٹری چشمہ کے نزدیک پسیاں گرآنے سے شاہراہ پر ٹریفک کئی گھنٹوں تک معطل

بانہال// بیٹری چشمہ کے نزدیک پسیاں گرآنے کے باعث سرینگر جموں شاہراہ پر ہفتے کو ٹریفک کی روانی کئی گھنٹوں تک معطل ہوکر رہ گئی۔ سنیچر کی صبح رام بن کے بیٹری چشمہ علاقے میں نزدیکی پہاڑی سے اچانک پتھر اور ملبہ گرآنے کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں سرینگر جموں شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی۔شاہراہ بڑی گاڑیوں کےلئے یکطرفہ طور کھلی تھی اورچھوٹی گاڑیوں کو دونوں طرف سے سفر کرنے کی اجازت تھی۔پسیاں گرتے ہی بیکن سے وابستہ مزدوروں اور مشینری کو کام پر لگایا گیا اورانہوں نے فوری طورشاہراہ سے ملبہ ہٹانے کی کارروائی شروع کی،تاہم پسیاں گرنے کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا جس کے باعث شاہراہ کے دونوں طرف گاڑیوں کو دیا گیا۔چنانچہ سینکڑوں کی تعداد میں چھوٹی بڑی گاڑیاں شاہراہ پر درماندہ ہوئیں۔اس صورتحال کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت کئی گھنٹوں مسدود ہوکر رہ گئی ، تاہم بیکن اہلکاروں کی مسلسل اور انتھک کوششوں کے بعد شاہراہ کو ٹریفک کی نقل و حمل کے قابل بنایا گیا۔