بین ریاستی تقریری مقابلہ: جامعیہ ملیہ اسلامیہ نے سلور رولنگ ٹرافی جیت لی

جموں//جامعیہ ملیہ اسلامیہ نئی دلی سے تعلق رکھنے والی ٹیم نے آٹھویں سالانہ انٹرسٹیٹ نارتھ زون تقریری مقابلوں میں سلور رولنگ ٹرافی جیت لی ہے جسے گورنر این این ووہر انے 2010 میں قائم کیا تھا۔رَنر اَپ ٹرافی گورنمنٹ کالج فار وومن پریڈ اور گورنمنٹ پی جی کالج فار وومن گاندھی نگر کی ٹیم نے جیتی۔تقریری مقابلے کا موضوع ’’ کیا نوٹ بندی کامیاب ہوئی یا ناکام‘‘ تھا۔ اختتامی تقریب کے موقعہ پر گورنر این این ووہر امہمان خصوصی جبکہ ان کی اہلیہ اوشا ووہرا مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھیں جبکہ تقریب کی صدارت وی سی کلسٹر یونیورسٹی آف جموں پروفیسر انجو بھسین نے کی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اس طرح کے مقابلوں میں شرکت کی بدولت طلاب کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے اور ان کی صلاحیتیں اُبھر کر سامنے آتی ہیں ۔ انہوں نے ریاست اور ہمسایہ ریاستوں سے تعلق رکھنے و الے طلاب کی شرکت کرنے کے لئے سراہنا کی۔گورنر نے کہا کہ عوامی پلیٹ فارموں پر خطاب کرنے سے طلاب زندگی کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھتے ہیں اور آگے جاکر دقتوں کا سامنا نہیں کرنا پڑتا ہے۔گورنر نے وی سی پروفیسر بھسین سے کہا کہ وہ تدریسی ماحول میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کریں تاکہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دستیاب ہوسکیں۔گورنر نے رولنگ ٹرافی جیتنے والی ٹیم میں انعامات تقسیم کئے ۔انہوں نے اس دوران کئی اہم شخصیات میں مومنٹوز بھی تقسیم کئے ۔اس مقابلے میں پنجاب ، اترا کھنڈ ،اتر پردیش ،ہماچل پردیش ، چندی گڈھ ، دلی اور جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے 46طلاب نے شرکت کی۔