جموں //سید امجدشاہ //محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے بین الاقوامی سرحد پر رہ رہے لوگوں کیلئے ریزرویشن کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیاہے جس سے جموں، کٹھوعہ اور سانبہ کے 508سرحدی گائوں کے لوگوں کو فائدہ ملے گا۔اس ریزرویشن کا اطلاق سرحد کے 0سے 6کلو میٹر کے دائرے میں رہنے والے لوگوں پر ہوگا ۔حکومت نے جموں وکشمیر ریزرویشن رولز2005میں ترمیم کرتے ہوئے بین الاقوامی سرحد کے نزدیک رہ رہے لوگوں کو بھی ریزرویشن کے دائرے میں لایاہے جنہیں اس کا فائدہ ملازمت ، تعلیمی اداروں میں داخلوں وغیرہ میں ملے گا۔نوٹیفکیشن کے ذریعہ بتایاگیاہے کہ حکومت سرحدی علاقوں کی نشاندہی کرنے کی مجاز ہوگی ۔قبل ازیں سٹیٹ کمیشن بیکورڈ کلاسزکی طرف سے خط زیر نمبرBCC/IB/2018/901-03بتاریخ 20سمبر2018اورSC/BC/209-202بتاریخ 1اکتوبر2019کو صفر سے چھ کلو میٹر کے دائرے میں آنیوالے لوگوں کوجموں وکشمیر ریزرویشن رولز2005کے تحت ریزرویشن دینے کی سفارش کی تھی ۔اسی بناپر محکمہ سماجی بہبود نے صوبائی کمشنرجموں وکشمیر سے ایسے گائوں کی فہرست دینے کاکہااور صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما کی طرف سے 508گائوں کی فہرست فراہم کی گئی ہے جو ضلع جموں ،سانبہ اور کٹھوعہ میں سرحد پر واقع ہیں ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پرگوال ، اکھنور، کھوڑ، مڑھ ،ارنیہ ، آر ایس پورہ،راج پورہ ،چک ہرکہ ،چک رام چند،چک کلان وغیرہ سیکٹروں میں بین الاقوامی سرحد پر 53ایسے گائوں ہیں جن میں صفر سے 5کلو میٹر کے دائرے تک کوئی آبادی نہیں رہتی۔
بین الاقوامی سرحدکے مکینوں کیلئے ریزرویشن | نوٹیفکیشن جاری ،کٹھوعہ ،سانبہ اور جموں کے 508گائوں کو فائدہ ملے گا
