بینک اے ٹی ایم گارڈ کی ہلاکت ایس آئی اے کے جنوبی کشمیر میں7مقامات پر چھاپے

File Photo

 یو این آئی

سرینگر//جموں وکشمیر پولیس کی سٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے اچھن پلوامہ کے بینک اے ٹی ایم گارڈ تین بچوں کے والدسنجے شرما ولد کاشی ناتھ قتل کیس کے سلسلے میں بدھ کی صبح جنوبی کشمیر میں 7 مقامات پر چھاپے مارے ،جس دوران موبائیل فونز اور قابل اعتراض مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ ایس آئی اے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بدھ کی صبح سٹیٹ انوسٹی گیشن نے اننت ناگ، شوپیان اور پلوامہ میں 7 مقامات پر چھاپے ڈ ا لے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن لتر پلوامہ میں درج کیس زیر نمبر/2023 14کے سلسلے میں ایس آئی اے نے چھاپہ مار کارروائی انجام دی۔ان کے مطابق امسال فروی میں اے ٹی ایم گارڈ سنجے شرما کو اچھن پلوامہ میں بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ اس کیس کے سلسلے میں ایس آئی اے نے چوتھی مرتبہ جنوبی کشمیر میں چھاپہ ماری کی جس دوران رہائشی مکانوں کی تلاشی لی گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ خصوصی عدالت سے تلاشی وارنٹ حاصل کرنے کے بعد سات خصوصی ٹیموں نے اس تلاشی کارروائی میں حصہ لیا۔ان کے مطابق تلاشی کارروائی کے دوران موبائیل فونزاور قابل اعتراض کاغذات کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ترجمان کے مطابق بدھ کے روز پلوامہ میں ایک ، شوپیان میں تین اور اننت ناگ میں تین مقامات پر چھاپے ڈالے گئے۔