منڈی// ضلع پونچھ میں آئے روز ہند وپاک افواج کی جانب سے گولہ باری کا تبادلہ ہوتا آ رہا ہے جس کے نتیجے میں انسانی جانیں تلف ہونے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو مالی نقصانات سے بھی دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ اگر چہ دو برس قبل سرکار کی جانب سے ان علاقوں میں زیر زمین بینکرتعمیر کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا مگر ضلع کے کسی بھی سرحدی علاقہ میں ابھی تک ان بینکروں کی تعمیر مکمل نہیں ہوپائی ہے۔ سرحدی علاقہ ساوجیاں ،گگڑیاں،کھڑی کرماڑا ،کیرنی ،مندھار، شاہ پور،جیلاس ، بالاکوٹ اور منکوٹ سمیت کئی میں گزشتہ دو برس سے سرکار کی جانب سے کمیونٹی اور ذاتی بینکروں کی تعمیرجا ری ہے مگر ابھی تک کسی بھی علاقہ میں یہ بیکر رہائش کے قابل نہیںہوئے ہیں۔سرحدی آبادی کو طرح طرح کے مشکلات درپیش ہیں۔مندھار کے نائب سرپنچ سید احمد حبیب نے اس سلسلے میں بتایا کہ سرکار کی جانب سے سرحدی علاقوں میں ابھی تک جوبینکرتعمیر کئے گئے ہیںوہ ناکافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مزید بینکروں کی تعمیراشد ضرورت ہے تاکہ لوگ گولہ باری کے اوقات میں اپنی جان و مال کا تحفظ کر سکیں۔کیرنی مندھار کے فیض اکبر خان نامی ایک شخص نے بتایاکہ سرکار نے اگر چہ حدِ متارکہ سے متصل علاقوں میں بینکروں کو تعمیر کیا ہے لیکن اُن میں ناقص مواد استعمال کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ ہر وقت گولہ باری کی زد میں ہوتے ہیں۔ عوام نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ بنکروں کی تعمیرجلد از جلد مکمل کریں تاکہ لوگوں کی جان ومال کا تحفظ ممکن ہو سکے۔
بینکروںکی تعمیر میں سست رفتاری | ضلع پونچھ کی سرحدی آبادی آرپار گولہ باری سے پریشان
