پرویز احمد
سرینگر //پوری دنیا میں 2.2بلین لوگوں کی آنکھوں کی بینائی متاثر ہے ۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ان میں 94ملین موتیا بن سے آنکھوں کی روشی کھوچکے ہیں جبکہ 88.8ملین میں نظر کی کمزوری ، 8ملین میں عمر کی وجہ سے جبکہ 7.7ملین لوگوں کی سبز موتیا کی وجہ سے آنکھوں کی بینائی متاثر ہوئی ہے۔ صحت کے عالمی ادارے کا مزید کہنا ہے کہ ان میں سے10فیصد لوگوں کا تعلق ایشائی ممالک سے ہے۔ بھارت میں صورتحال کچھ مختلف نہیں ہے۔ادارے کے مطابق بھارت میں آبادی کے26.88فیصد لوگوں کی بینائی مختلف بیماری سے متاثر ہے جبکہ ان میں 2فیصد لوگ آنکھوں کی بینائی سے محروم ہے ۔ کشمیر میں ماہرین امراض چشم کا کہنا ہے کہ وادی میں 19فیصد افراد آنکھوں کے مختلف امراض میں مبتلا ہیں جن میں سے 0.88فیصد ہمیشہ ہمیشہ کیلئے آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوگئے ہیں۔ وادی میں بینائی متاثر ہونے کی بڑی وجوہات میں جینیات، جغرافی صورتحال کے علاہ کچھ غیر متعدی بیماریاں،جن میں موتیا بن، سبز موتیا، بلڈ شوگر، ہائی بلڈ پریشر اور دیگر بیماریاں شامل ہیں۔آنکھوں کی بینائی متاثر ہونے کی وجوہات پر کی گئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وادی میں 19فیصد افراد کی بینائی متاثر ہوئی ہے۔تحقیق میں موتیا بن سے آنکھوں کی روشنی کمزور ہونے کی شکایت کرنے والے 9.4فیصد افراد میں 7.1 فیصد کو پہلے معمولی، 20.5فیصد کو سخت نوعیت کی کمزوری اور6.2فیصد مکمل طور پر آنکھوں کی روشنی سے محروم ہوجاتے ہیں۔ آنکھوں کی دوسب سے بڑی بیماری سبز موتیا کے شکار مریضوں میں مجموعی طور پر 16فیصد مریض آنکھوں کی بینائی کمزور ہونے کی شکایت کرتے ہیں اور ان میں 17فیصد کی آنکھوں میں ہلکی کمزوری اور9.6فیصد کی آنکھوں میں شدید کمزوری ہوتی ہے اور ان میں مجموعی طور پر 14فیصد آنکھوں کی بینائی سے محروم ہوتے ہیں۔ تیزی سے پھیل رہی غیر متعدی بیماریوں میں بلڈ شوگر کی وجہ سے23.2فیصد آنکھوں کی بینائی متاثر ہورہی ہے اور ان میں 15.7فیصد پہلے ہلکی، پھر زیادہ اور پھر بینائی سے محروم ہوجاتے ہیں۔ شوگر سے بینائی کھونے والے 23فیصد افراد میں 13فیصد ہمیشہ کیلئے بینائی سے محروم ہورہے ہیں۔ تحقیق میں بینائی کھونے والے افراد کی عمر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 3سے 10سال کی عمر کے 3.8فیصد، 11سے 20سال کی عمر کے16.3فیصد، 21سے 30سال کی عمر کے 10.6فیصد، 31سے 40سال کے 7.7فیصد، 41سے 50تک 13.5فیصد، 51سے 60سال کے 17.3فیصد، 61سے 70سال کے 26فیصد اور70سال سے زیادہ عمر کے 11.5فیصد آنکھوں کی بینائی کھو بیٹھے تھے۔ تحقیق میں عمر کے مختلف پڑائو پر آنکھوں کی بینائی کھونے والے افراد کے وجوہات کا بھی ذکر کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ موتیا بن سے 3سے 10سال کے 23.8فیصد، 11سے 20سال کے 15.7فیصد، 21سے 50سال کے 1.5فیصد،51سے 70سال کے 5فیصد اور 70سال سے زیادہ عمر کے 23.6فیصد لوگ بینائی کھوتے ہیں۔ سبز موتیابن کی وجہ سے آنکھوں کی بینائی کھونے والے افراد کی عمر کو لیکر کہا گیا ہے کہ 3سے 10سال کی عمر کے 19فیصد، 11سے 20سال کے 15.9فیصد،21سے 50سال تک کے 1.3فیصد، 51سے 70سال کے 12.7فیصد اور 70سال سے زیادہ عمر کے 29.2فیصد افراد آنکھوں کی بینائی کھو بیٹھتے ہیں۔ شوگر کی بینائی کی وجہ سے 21سے 50سال کے 18.5فیصد ، 51سے 70سال کے 18.1فیصد اور 70سال سے زیادہ عمر کے 11.1فیصد آنکھوں کی بینائی کھو رہے ہیں۔