نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو بیمسٹک ممالک کے سربراہان حکومت کے ساتھ اہم سلسلہ وار دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔ ا س ضمن میں انہوں نے متعدد دیگر لیڈروں کے علاوہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے صدور سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد مسٹر مودی نے ٹوئیٹ کیا کہ "حلف برداری کی تقریب کو رونق بخشنے کے لئے صدر میتری پالا سری سینا کا شکریہ۔ میں ہند- سری لنکا کے تعلقات کی مزید مضبوطی کا متمنی ہوں، جو وقت کے ساتھ پروان چڑھے ہیں اور تمدنی روابط پر مبنی ہیں"۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بنگلہ دیش کے صدر محمد عبد الحمید سے بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ مشترکہ مفادات کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مسٹر مودی نے ٹوئیٹ کیا کہ"ہماری آج کی ملاقاتیں انتہائی بار آور رہیں"۔ انہوں نے بھوٹان کے وزیر اعظم لوٹے ٹیشرنگ سے بھی ملاقات کی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹوئیٹ کیا کہ ملاقاتوں کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور بھوٹان کے وزیر ا[؟]عظم لوٹے ٹیشرنگ نے دو طرفہ عہد بندیوں پر گفتگو کی اور مضبوط روایتی تعلقات کو مزید ٹھوس بنانے نیز ترقیاتی شراکت اور ہائیڈرو پاور کے شعبے پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے پر اتفاق کیا۔ نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی سے مسٹر مودی کی ملاقات کے بعد وزارت خارجہ کے ترجمان نے ٹوئیٹ کیا کہ"نیپال کے عوام کی طرف سے نیک خواہشات۔نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی کی طرف سے مسٹر نریندر مودی کو ردرکشا کا خصوصی تحفہ" ۔انہوں نے مزید بتایا کہ "دونوں لیڈروں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا، خاص طور سے ، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے پر زور دیا"۔ اپنی سفارتی بات چیت کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے مسٹر مودی نے موریشس کے وزیر اعظم پروند جگناتھ کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ واضح رہے کہ بیمسٹک ممالک کے لیڈروں اور سربراہان حکومت کو وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی وزارتی کونسل کی حلف برداری کی تقریب میں خصوصی طورپر مدعو کیا گیا تھا۔ یو این آئی
بیمسٹک لیڈروں سے وزیر اعظم مودی کی اہم ملاقاتیں
