بیمار بیٹے کیلئے دوائی کی ضرورت | مژھل کے شہری کا30کلومیٹر پیدل سفر

کپوارہ//مژھل کے ایک شہری نے کپوارہ تک کاسفر پیدل طے کرکے اپنے بیمار بیٹے کیلئے ادویات لائی جبکہ ضلع میں مکمل لاک ڈائونسے ہرسو سناٹا ہے۔منگل کے روزسرحدی علاقہ چونٹواری مژھل کے محمد جمال نامی ایک شخص نے اپنے بیمار بیٹے کیلئے ادویات لانے کیلئے خمریا ل تک30کلومیٹر کا سفر پیدل طے کیا جہاں سے اُس کیلئے سول سوسائٹی کپوارہ کے کنوینئرشوکت مسعودی  نے گاڑی کاانتظام کرکے کپوارہ پہنچایا اور ادویات حاصل کرکے وہ واپس گھر روانہ ہوا۔اس دوران کپوارہ ضلع میں مکمل لاک ڈائون کی وجہ سے ہر سو سناٹا ہے۔ضلع میں ضرورت مندوں کومشکلات کاسامنا ہے۔مریضوں کو اسپتال لانے اور واپس گھر لیجانے کیلئے کوئی ٹرانسپورٹ کا انتظام نہیں ہے جس کی وجہ سے حاملہ خواتین اور بزرگ مریضوں کواسپتال پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے ،تاہم سول سوسائٹی کپوارہ نے ضلع کے مختلف مقامات پر مریضوں ،جن کیلئے اسپتال پہنچنالازمی تھا،ٹرانسپورٹ کاانتظام کرکے اسپتال پہنچایااور ڈاکٹری ملاحظہ کے بعد واپس گھر لایا۔عوامی حلقوں نے اس کیلئے سول سوسائٹی کی سراہنا کی ۔