بیلجیم میں شرپسندوں کا مسلمان لڑکی پرحملہ، حجاب نوچ ڈالا

برسلز// بیلجیم میں نفرت انگیزی کے تازہ واقعے میں شرپسندوں نے مسلمان لڑکی پر حملہ کرکے حجاب نوچ ڈالا اور تیز دھار آلے کے وار سے لڑکی کو زخمی کردیا۔بیلجیم میڈیا کے مطابق واقعہ دارالحکومت برسلز کے قریبی علاقے اینڈرلز میں پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان نے پیدل چلنے والی باحجاب لڑکی کو سر راہ وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔انیس سالہ لڑکی سڑک پر گھر جانے کے لیے پیدل سفر کررہی تھی کہ گھات لگائے شرپسندوں نے اسے گھیرلیا اور حملہ کرکے حجاب کھینچ دیا ، ایک حملہ آور نے لڑکی کو لات مار کر زمین پر گرا دیا جس کے بعد تیز دھار آلے سے ضرب لگائیں۔لڑکی نے جان بچانے کر بھاگنے کی کوشش کی تو حملہ آوروں نے اس کی قمیص پھاڑ دی اور لڑکی کے شور مچانے پر وہ مغلظات بکتے ہوئے فرار ہوگئے، حملہ آوروں نے اسلام مخالف جملے بھی کسے۔فوری طور پر مقامی پولیس نے لڑکی کی صحت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا تاہم واقعے کے ابتدائی شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔دوسری جانب نفرت انگیزی کے اس وحشیانہ واقعے نے اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کو شدید تشویش میں مبتلا کردیا ہے، مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے اس واقعے کے بعد خود کو مزید غیر محفوظ تصور کرنے لگے ہیں۔