بیر کے لوگوںنے چندہ جمع کر کے 5برسو ں میں 3کلومیٹر سڑک تعمیر کی ۔8کروڑ روپے کا پروجیکٹ منظوری کیلئے بھیجا گیا ہے:ڈی ڈی سی ممبر

بختیار کاظمی

سرنکوٹ // سب ضلع سرنکوٹ کی پنچایت بتیڑ بیر کی عوام نے پچھلے پانچ سالوں کے دوران گاؤں کے لوگوں سے چندہ جمع کرکے تین کلومیٹر رابطہ سڑک کی تعمیر کی جس پر آج گاڑیاں بھی چلتی ہے۔ مقامی پنچ عبدالغنی اور ظہور دین نے بتایا کہ گاؤں بیر ایک دور دراز علاقہ ہے جو اس وقت بھی انتظامیہ کی عدم توجہی کا شکار ہے۔ جہاں کی عوام سڑک جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ بیر گاؤں کی عوام نے مجبور ہو کر اپنی مدد آپ کے تحت چندہ جمع کیا اور گزشتہ پانچ سالوں کے دوران تقریباً تین کلومیٹر سڑک کا کام مکمل کیا ہے اس کے علاوہ ہر اتوار کو گاؤں کے لوگ جمع ہو کر خراب ہوئی سڑک کی مرمت کرتے ہیں تاکہ گاؤں کے بزرگ اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے تاہم علاقہ کے ڈی ڈی سی سہیل ملک نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ بیر جانے والی سڑک کے لئے آٹھ کروڑ روپے کا پروجیکٹ تیار کرکے بھیجاہوا ہے چند دنوں میں اس کا ٹینڈر بھی ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بیر کے کئی لوگوں کو اس بات کا پتہ ہے کہ آٹھ کروڑ روپے کا پروجیکٹ تیار کر کے بیج دیا گیا ہے جس کا جلد ہی ٹینڈر بھی ہو گا اور کام شروع کیا جائے گا جس سے علاقہ کے لوگوں کو مزید سہولت فراہم ہو گی۔