بیروہ میں پل ڈہ گیا،کئی علاقوں کا رابطہ منقطع

 سرینگر // نالہ گرٹ کول بیروہ پر 30 برس قبل تعمیر کیا گیا پل ڈہ گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک بڑی آبادی کا رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہو گیا ہے۔ مقامی آبادی نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ پل کی مرمت کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سرینگر سونہ پاہ بیروہ سڑک پر سری ڈارہ میں نالہ گرٹ کول پر 30برقبل بنائے گے اس پل کا ایک حصہ معمولی طور پر ڈہ گیا تھا جس کے بعد محکمہ آر اینڈ بی نے اس کی مرمت کرنے کا وعدہ کیا تھا تاہم آج تک کچھ نہیں ہوا۔اس دوران مسلسل بارشوں سے  سنیچر کو پل ڈہ گیا۔ اگرچہ پل ڈہ جانے سے کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا۔مقامی لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ پل کی از سرنو تعمیر کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں ۔ایگزیکٹیو انجینئر آر اینڈ بی بڈگام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پل کا ایک حصہ پہلے ہی ڈہ گیا تھا جس کے بعد محکمہ نے اس کی دوبارہ ٹنڈرنگ کر کے یہ کام ایک ٹھیکیدار کو سونپا تاہم ٹھیکیدار وں کی ہڑتال کی وجہ سے یہ کام نہیں ہوسکا اور گذشتہ دونوں پل بارشوں کی وجہ سے ڈہ گیا ۔انہوں نے کہا کہ پل کی مرمت کیلئے پیسہ منظور ہوا ہے اور اگر موسم ٹھیک رہاتو اگلے کچھ دنوں میں اس کی مرمت کا کام شروع کیا جائے گا ۔)