کپوارہ //کوروناوائرس کی عالمگیر وباء کا مقابلہ کرنے کیلئے ملک گیر لاک ڈائون میں 3مئی تک توسیع کئے جانے کی وجہ سے بیرون جموں کشمیر گئے کپوارہ کے طلبہ،مزدور اورمریض اپنے گھر واپس آنے کیلئے بے تاب ہیں جبکہ ان کی پونجی بھی بیرونی ریاستوں میں ختم ہوچکی ہے اور اکثرافرادکوکھانے پینے اور قیام کی سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے جموں کشمیرانتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اُنہیںفوری طور گھر لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ریشی گنڈ کرالہ پورہ سے تعلق رکھنے والے محمد اشرف لون نے لدھیانہ سے کشمیر عظمیٰ کو فون کر کے بتا یا کہ وہ اپنے 18ماہ کے بچے کے دل کی جراحی کرنے کی غرض سے چندی گڑھ آئے تھے جہا ں ان کی بچے کی جراحی انجام دی گئی اور 30مارچ کو اُنہیں چندی گڑھ اسپتال سے رخصت کیا گیا لیکن پنجاب میں لاک ڈائون کی وجہ سے وہ یہا ں پر ہی درماندہ ہو گئے ۔انہو ں نے کہا کہ لاک ڈائون کی وجہ سے وہ اپنے بچے سفیان اشرف کا سرجری کے بعد چک اپ بھی نہیں کرا سکے ،اور 7اپریل کو لدھیانہ سے ایک پرائیوٹ گا ڑی کے ذریعے کشمیر لوٹ آنے کیلئے روانہ ہوئے تاہم پنجاب کے ٹانڈا علاقہ میں مکیریا سے اُنہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور وہ واپس لدھیانہ چلے گئے جہا ں 3روز قبل ان کے بچے کی طبعیت بگڑ گئی اور اُنہیں لدھیانہ کے سی ایم سی اسپتال میں علاج و معالجہ کے لئے دا خل کیا گیا جہا ں وہ سخت بیمار ہیں ۔اس دوران چند ایک مریضوں کا کہنا ہے کہ وہ بھی اپنا علاج کرانے کی غرض سے بیرون ریاست گئے تھے لیکن لاک ڈائون کے بعد وہ یہا ں پر ہی درماندہ ہو گئے اور اب انہیں یہا ں دوائی بھی نہیں مل رہی ہیں ۔ادھر ضلع انتظامیہ نے بیرون ریاست میں ضلع کے شہریو ں کے لئے ایک ہیلپ لائن قائم کی ہے جو کسی بھی مشکل کے حوالہ سے اس ہیلپ لائن پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں ۔بدھ کے روز ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ انشل گرگ نے اسسٹنٹ کمشنر ڈیو لپمنٹ کپوارہ کے دفتر میں ایک ہیلپ لائن قائم کی جہا ں بیرون ریاست درماندہ کپوارہ کے شہریو ں کی شکایت سنی جائیں اور انہیں حل کرنے کی کوشش کریںگے ۔ بیرون ریاست درماندہ ضلع کے شہریو ں سے کہا گیاہے کہ وہ ان فون نمبرات 01955..252257,9622427915پر رابطہ کر کے جانکاری حاصل کر سکتے ہیں ۔
بیرون ریاست لاک ڈاون میں پھنسے کپوارہ کے شہری | طلاب ،مزدورومریض کسمپرسی کی حالت میں
