یو این آئی
بیروت+غزہ// وسطی بیروت کے گنجان آباد والے علاقے النوری کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں جمعرات کی شام مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 22ہو گئی اور 117افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ لبنان کی وزارت صحت نے اپنی تازہ ترین معلومات میں یہ اطلاع دی۔ مبینہ طور پر فضائی حملے کا مقصد حزب اللہ کے رابطہ اور تال میل یونٹ کے سربراہ وافق صفا کو نشانہ بنانا تھا تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔القولہ اور البچورہ کے علاقوں پر حملوں کے بعد اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کو تیسرا مرتبہ نشانہ بنایا ہے۔اسرائیل نے حال ہی میں بیروت اور اس کے مضافات میں اپنے فضائی حملے تیز کر دیے ہیں، جن میں بنیادی طور پر حزب اللہ کے اہلکاروں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تنازع ایک سال قبل شروع ہوا تھا جب غزہ جنگ کے آغاز میں حزب اللہ نے حماس کی حمایت میں اسرائیل پر راکٹ فائر کیے تھے۔ادھر اسرائیلی فضائیہ نے غزہ میں اس اسکول کو بمباری کا نشانہ بناکر تباہ کردیا جہاں بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے۔عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق سکول پر بمباری میں 28فلسطینی جاں بحق ہوگئے جبکہ 54زخمی ہیں جن میں زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں کو دیر البلاح کے الاقصی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 10سے زائد زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔علاوہ ازیں اسرائیلی فورسز نے خان یونس میں 4 فلسطینیوں اور جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں 3 فلسطینیوں کو محاصرے کے دوران شہید کر دیا۔یاد رہے کہ غزہ میں 7اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 42ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق اور 98ہزار زخمی ہوگئے۔