بیدار میں مسافر بس کا بڑا حادثہ ٹل گیا

منڈی//تحصیل منڈی کے علاقہ بیدار میں ایک مسافر بس کا بڑا حادثہ ٹل گیا جس کی وجہ سے مسافر گاڑ ی میں سوار دو درجن سے زائد مسافر سلامت رہے ۔سنیچر کو ساوجیاں علاقہ سے ایک مسافر بس منڈی کی طرف جا رہی تھی کہ اچانک بیدار کے مقام پر بس تکنیکی خرابی کی وجہ سے ایک گہری کھائی میں گرنے والی تھی تاہم ڈرائیور نے ہوش سے کام لیتے ہوئے اس حادثے کو ٹال دیا ۔عینی شاہدین کے مطابق بس زیر نمبر -JK02U 9616 ساوجیاں سے منڈی کی طرف روانہ ہوئی اور بیدار کے مقام پر تکنیکی خرابی کی وجہ سے بند ہوگئی مگر عین موقعہ پر ڈرائیورنے گاڑی کو اپنے قابو میں لا کر سب مسافروں کو بچا لیا گاڑی میں سوار ایک مسافر کے مطابق گاڑی کا سٹیرینگ چلتے چلتے اچانک لاک ہو گیا اور ڈرائیور کی ذہانت کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑی میں بیس سے زائدمسافر سوار تھے جنہیں بعد ازاں گاڑی سے سلامت نکالا گیا ان کا کہنا تھا کہ جوں ہی گاڑی کا سٹیرینگ لاک ہواتو گاڑی ایک گہری کھائی کی طرف جا رہی تھی لیکن ڈرائیور کی انتھک کوششوں اور سڑک کے کنارے پر پڑے بڑے بڑے پتھروں کی وجہ سے حادثہ ٹل گیا ۔