بہوری پورہ سوپور میں سائیکل سوار نالہ میں گرکر لقمۂ اجل

سوپور+بھدرواہ+مینڈھر //بہوری پورہ سوپور میں ایک دلدوز حادثہ میں ایک سائیکل سوار نالہ میں گرکر پتھر سے ٹکرانے سے مرگیا۔ادھر ضلع ڈوڈہ میں محکمہ شیپ ہسبنڈری کا ایک ملازم ہلاک ہوا اور ایک زخمی ہو گیاجبکہ مینڈھر کے گورسائی علا قہ میں ہوئے ایک سڑک حادثے میں 3افراد زخمی ہو گئے ۔ 40سالہ فردوس احمد نجار ولد علی محمد ساکنہ واڈورہ سوپور سائیکل پر گھر جارہا تھا اور جب وہ بہوری پورہ پہنچ گیا تو وہ اچانک گرگیا اور نالہ میں موجود پتھرسے ٹکراگیا اور موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا۔ ایس ایچ او عازم خان نے کہاکہ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال پہنچایا اور کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ادھر ضلع ڈوڈہ میں جمعرات کے روز اُس وقت محکمہ شیپ ہسبنڈری کا ایک ملازم ہلاک ہوا اور ایک زخمی ہو گیا ،جب انکی گاڑی سڑک سے نیچے ایک گہری کھائی میں جا گری ۔پولیس بیان کے مطابق ڈوڈہ سے بٹوت۔کشتواڑ قومی شاہراہ پر20کلو میٹر کی دوری پر واقع ملہوری کے مقام پر ایک ایکو کار زیر نمبر JK06 – 5058کو حادثہ واقع ہوا ،جب یہ گاڑی لاک ڈائون کے بیچ بٹوت سے پریم نگر کی جانب جا رہی تھی ۔اطلاعات کے مطابق جب گاڑی موضع ملہوری کے قریب پہنچی ،تو ڈرائیور اس پر اپنا کنٹرول کھو بیٹھا ۔ گاڑی نیچے گہری کھائی میں جا گری ،جسکی وجہ سے گاڑی میں سوار دونوں مسافر شدید زخمی ہوئے ۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی کھیلانی کی ایک پولیس پارٹی جائے موقعہ پر پہنچ گئی اور دونوں زخمیوں کو ج ایم سی ڈوڈہ علاج و محالجہ کیلئے لیا ،جہاںپر ایک زخمی کی موت واقع ہوئی ،جسکی شناخت محکمہ شیپ ہسبنڈری کے ایک ملازم رتن سنگھ ولد پارس رام ساکن پریم نگر کے بطور کی گئی ہے جبکہ زخمی کی پہچان دھنتیر سنگھ ولد سائین داس ساکن پونیج چیرالہ کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کیا ہے۔اس دوران مینڈھر کے گورسائی علا قہ میں ہوئے ایک سڑک حادثے میں 3افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔سب ڈویژ ن کے اڑی علا قہ سے گورسائی علا قہ جارہی ایک گاڑی گورسائی میں ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر ایک گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 2بچیوں سمیت 3افراد زخمی ہو گئے ۔زخمیوں کو مقامی لوگوں نے سب ضلع ہسپتال مینڈھر علاج معالجہ کیلئے منتقل کر دیا گیا ہے ۔