نیوز ڈیسک
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتے کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سالانہ امرناتھ یاترا کے رسمی آغاز کے موقع پر پرتھم پوجا میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے سب کی اچھی صحت اور تندرستی کی دعا کی۔شری امرناتھ جی شرائن بورڈ ہر سال جیشتھ پورنیما کے مبارک موقع پر گھپا میں پرتھم پوجا کا اہتمام کرتا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، “پوری دنیا کے لاکھوں عقیدت مندوں کے لیے، امرناتھ گھپا کی یاترا زندگی بھر کا خواب ہے”۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے کہ یاتریوں کے آرام اور بہبود کے لیے بہترین ممکنہ انتظامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ “پچھلے چند سالوں میں بنیادی ڈھانچے اور دیگر سہولیات میں قابل دید بہتری لانے کیلئے مربوط کوششیں کی گئی ہیں”۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ امرناتھ شرائن بورڈ کے عہدیدار اس بات کو یقینی بنانے کے لئے سخت محنت کر رہے ہیں کہ یاترا کے دوران عقیدت مندوں کی ضروریات کا خیال رکھا جائے، ہم یاتریوں کے لیے بہتر سہولیات اور خدمات کے لیے مسلسل کوشاں ہیں،” ۔لیفٹیننٹ گورنر نے یکم جولائی سے شروع ہونے والی یاترا کے کامیاب انعقاد میں مقامی باشندوں کے بے پناہ تعاون کا بھی اعتراف کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ذریعہ معاش کے مواقع میں بھی اضافہ کرے گا اور مقامی معیشت کو فروغ دے گا۔62 دن طویل یاترا اس سال یکم جولائی کو شروع ہوگی۔