جموں //امداد باہمی اور لداخِ امور کے وزیر چیرنگ دورجے نے کہا ہے کہ حکومت نے کواپریٹو محکمہ کی سرگرمیوں میں مزید سرعت لانے کے اقدامات کئے ہیں تا کہ ریاست کے لوگ مستفید ہو جائیں ۔ دورجے نے تمام کواپریٹو سوسائٹیوں کو کار گر اور متحرک بنانے کی ہدایت دی اور کسان طبقے کی بہبودی کیلئے کئی سکیمیں متعارف کی گئی ہیں ۔ آج یہاں ایک میٹنگ کے دوران محکمہ کی مجموعی کارکردگی کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے فیلڈ عملے کو لگن اور تندہی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی ۔ امداد باہمی کے وزیر مملکت میر ظہور احمد بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ اس کے علاوہ کمشنر سیکرٹری امدادِ باہمی محترمہ نرمل شرما ، رجسٹرار کواپریٹوز بشیر احمد ، ایڈیشنل سیکرٹری ، ایڈیشنل رجسٹرار اور دیگر افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی ۔ وزیر نے کواپریٹوز سوسائٹیوں کی جدیدیت پر زور دیا اور اس سلسلے میں موزوں اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر نے ریاست میں قدرتی کھادوں کی مارکیٹنگ پر زور دیا انہوں نے کہا کہ قدرتی کھادیں زرعی سرگرمیوں کیلئے سود مند ثابت ہوتی ہیں ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت میر ظہور نے ریاست میں زیادہ سے زیادہ کواپریٹو سوسائٹیز کے قیام پر زور دیتے ہوئے نوجوانوں کو امداد باہمی تحریک میں شامل کرنے کی ہدایت دی ۔ میر ظہور نے متعلقین کو سوسائٹیز سے بقایا جات فوری طور وصول کرنے کی ہدایت دی ۔ میٹنگ میں محکمہ کے احیائے نو سے متعلق کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ کواپریٹوز کے رجسٹرار نے ایک پاور پوائینٹ پرذنٹیشن کے ذریعے محکمہ کی جانب سے متعارف کی گئی سکیموں کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے میٹنگ میں محکمہ کی مالی حالت کے بارے میں بھی جانکاری دی ۔