بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا اوّلین ترجیح : وِجے کمار

بارہمولہ//گورنر کے مشیر کے وِجے کمار نے کہا ہے کہ لوگوں کو کم خرچے پر بہتر طبی سہولیات فراہم کرانا گورنر انتظامیہ کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوںنے کہا ہے کہ لوگوں کو اُن کی دہلیز پر بہتر طبی سہویات بہم پہنچانے کے لئے کئی پروگرام اور سکیمیں شروع کی گئی ہیں۔کے  وِجے کمار نے ان باتوں کا اظہار پٹن کا دورہ کرکے وہاں صحت سیکٹر کے بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لینے کے دوران کیا۔ اُن کے ہمراہ پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم اٹل ڈولو ، ڈی سی بارہمولہ ڈاکٹر ناصر احمد نقاش، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، ایس ایس پی بارہمولہ اور مختلف محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی تھے۔دورے کے دوران مشیر نے کہا کہ حال ہی میں آیوشمان بھارت سکیم شروع کی گئی ہے جس کا بنیاد ی مقصد غریب اور ضرورت مندکنبوں کوہیلتھ انشورنس کور فراہم کرنا ہے ۔مشیر نے ٹراما ہسپتال کا دورہ کر کے اس کے مختلف شعبوں کا معائینہ کیا۔ چیف میڈیکل آفیسر بشیر احمد چالکونے انہیں مریضوں کو دی جارہی طبی خدمات کے بارے میں جانکاری دی۔دریں اثنا مشیر نے مریضوں اور تیمار داروں کے ساتھ بھی بات چیت کی اور سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس موقعہ پر کئی مطالبات اور مسائل مشیر کی نوٹس میںلائے گئے۔ا س سے قبل مشیر نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور اس کے کام کاج کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ اس موقعہ پر بی ایم او نے مشیر کو وہاں دستیاب سہولیات کے بارے میںجانکاری دی۔اس موقعہ پر کئی عوامی وفود کے ۔وِجے کمار سے ملاقی ہوئے اور صحت سیکٹر سے جڑے مسائل کو اُجاگر کیا۔ پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم اتل ڈلو نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کے ہمراہ ضلع ہسپتال بارہمولہ کا دورہ کر کے وہاں دستیاب سہولیات اور اس کے کام کاج کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔دورے کے دوران ہسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر سید مسعود نے اتل ڈلو کو ہسپتال کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دی۔انہوںنے وہاں مریضوں کے ساتھ بات چیت کی اور سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے ہسپتا ل میں مریضوں کو معیاری طبی سہولیات دستیاب کرانے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صحت شعبے کو مستحکم بنانے کے لئے کئی اقدامات شروع کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے دوران مریضوں کے لئے مناسب مقدار میں ادویات دستیاب رکھی جانی چاہئے ۔ اٹل ڈولو نے میڈیکل کالج بارہمولہ کا دورہ کر کے متعلقین پر زور دیا ہے کہ وہ تعمیراتی کام میں سرعت لائیں تاکہ لوگ مستفید ہوسکیں۔اے ڈی سی فاروق احمد بابا، پرنسپل جی ایم سی اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔