بہتر بلدیاتی سہولیات بہم پہنچانے کے لئے پرعزم:نائب وزیراعلیٰ

 جموں// نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے کہا کہ حکومت ریاستی عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات بہم پہنچانے کے لئے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لئے ریاست بھر میں ترقیاتی سرگرمیوں کا ایک وسیع جال بچھایا جارہاہے۔ان باتوں کا اظہار نائب وزیراعلیٰ نے آزاد نگر گڈی گڈھ میں کئی ترقیاتی کاموں کی شروعا ت کرنے کے بعد لوگوں کے ساتھ بات چیت کرنے کے دوران کیا۔ یہ کام علاقے میں دس لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کئے جارہے ہیں۔ایم ایل سی وکر م رندھاوا بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔بعد میں انہوں نے مقامی لوگوں کے مسائل کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی نگر حلقے کے پچھڑے علاقوں میں ترقیاتی عمل کو آگے لے جانے کی طرف حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔کویندر گپتا نے انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ کاموں کے معیار کے ساتھ کوئی بھی سمجھوتہ نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت ملک کو ترقی کے ایک نئے راستے پر گامزن کرارہی ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے شروع کی گئی فلاحی سکیموں سے بھرپور استفادہ کریں۔