بہار میں لو سے مرنے والوں کی تعداد100 سے زائد

پٹنہ//بہار میں سخت گرمی سے آج مزید 17 لوگوںکی موت ہونے سے گذشتہ تین دنوں میں ریاست میں اس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 101 ہوگئی ہے۔ آفات مینجمنٹ محکمہ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں گیا میں سب سے زیادہ 11 لوگوں کی جبکہ اورنگ آباد میں تین ، جموئی میں دو اور نوادہ میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ جس سے گذشتہ تین دنوںمیں لوسے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر اورنگ آباد ضلع میں 32، گیا ضلع میں 31 ، نوادہ ضلع میں 12 ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ پٹنہ ضلع میں 11 بکسر میں سات اور بھوجپور ضلع میں پانچ لوگوں کی سخت گرمی سے موت کی اطلاع ہے۔ حالانکہ پٹنہ ، بکسر اور بھوجپور میں گرمی سے موت کی ابھی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ دریں اثنائ سخت گرمی کو دیکھتے ہوئے نتیش حکومت نے ریاست کے سبھی سرکاری اور پرائیوٹ اسکولوں کو 22 جون تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ وہیں گیا ضلع انتظامیہ نے ضلع میں دفعہ 144 نافذکرتے ہوئے دن کے وقت ( صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک ) لوگوں کو کھلے مقام پر اکٹھاہونے پر روک لگائی ہے۔ اس دوران سبھی طرح کے تعمیری کام بند رہیں گے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست میں سخت گرمی سے ابھی دو۔ تین دن راحت کی امید نہیں ہے۔ یواین آئی