کھٹکڑکلاں//یواین آئی// پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے صدر بھگونت مان نے بدھ کے روز یہاں پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ مسٹر بھگونت مان کو گورنر بنواری لال پروہت نے شہید اعظم بھگت سنگھ کے آبائی گاؤں کھٹکڑکلاں میں 40 ایکڑ پر مشتمل پنڈال میں لاکھوں لوگوں کی موجودگی میں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر عام آدمی پارٹی کے سپریمو اروند کیجریوال اور دہلی حکومت کے وزراء کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے شرکت کی۔ اس تقریب میں سیاسی شخصیات کو مدعو نہیں کیا گیا تھا تاہم فن اور تھیٹر کی دنیا کی مشہور شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔ اکثر اداکار مسٹر مان کے قریب رہے ہیں۔ ان کی حلف برداری کی تقریب میں مشہور لوک گلوکار گرداس مان، کانگریس ایم پی اور فنکار محمد صدیق اور کئی معروف لوگوں نے شرکت کی۔تقریب میں عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا، ایم ایل اے اور پنجاب کے امور کے انچارج جرنیل سنگھ، ایم ایل اے اور پنجاب کے امور کے شریک انچارج راگھو چڈھا کے علاوہ پارٹی کے کئی نو منتخب ایم ایل ایز، سینئر لیڈران، پنجاب میں پارٹی کارکنان اور رضاکاروں نے شرکت کی۔