مینڈھر+راجوری //مینڈھر سب ڈویژن کے بھٹہ دھوریاں جنگلات میں گزشتہ 14دنوں سے انکائو نٹر و تلاشی مہم مسلسل جاری ہے ۔ گزشتہ 60گھنٹوں سے فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ۔فوج او ر ایس او جی کی جانب سے مسلسل جنگلات و دیگر ملحقہ دیہات کی کڑی ناکہ بندی کی گئی ہے۔جنگلاتی علاقے کی نزدیکی بستیوں سے پولیس کی جانب سے ابتک 10افراد کو حراست میں لیا گیا ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کی معاونت کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کی جاسکے ۔بھٹہ دھوریاں کے ناڑ کس علاقہ میں جاری تصادم کی وجہ سے ملحقہ علاقوں کے عوام کو مسائل کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔ 14 اکتوبر کو بھٹہ دھوریاں اور طوطا گلی کے درمیانی علاقہ ناڑ کس میں شروع ہوئے تصادم کے دوران 4فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے جبکہ ایک زیر حراست ملی ٹینٹ بھی ہلاک ہو ا اس کے علاوہ سیکورٹی فورسز کے 3اہلکا ر زخمی بھی ہوئے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ لگ بھگ دو ہفتوں سے علاقہ میں آپریشن جاری ہے جبکہ بدھ کے روز علاقہ میں ملی ٹینٹوں کی تلاشی کا عمل بھی مسلسل جاری رہا ۔اس تلاشی مہم کے دوران پولیس ،کمانڈئو اور فوجی اہلکاروں کی جانب سے خدمات انجام دی جارہی ہیں ۔انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ ابھی تک اسلحہ ضبط ہونے کے بغیر کوئی دیگر کامیابی نہیں ملی ہے ۔دوسری جانب مقامی لوگوں نے بتایا کہ جنگلات سے مسلسل دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے جوکہ بدھ شام تک جاری رہا ۔
بھٹہ دھوریاں آپریشن کا 14واں دن
