بھمبر گلی ۔جڑانوالی گلی شاہراہ کا حصہ 10دنوں سے بند

مینڈھر //بھاٹہ دھوڑیاں انکائونٹر کے چلتے جموں وپونچھ شاہراہ بھمبر گلی تا جڑانوالی گلی حصہ گزشتہ 10دنوں سے مسلسل بند ہے تاہم اس کی بحالی کیلئے ابھی تک کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔بھاٹہ دھوڑیاں اور طوطا گلی کے درمیانی جنگلا ت میں شروع ہو ئے انکائونٹر کے بعد سے ہی جموں پونچھ شاہراہ کے بھمبر گلی تا جڑانوالی گلی حصے کو بند کر دیا گیا جبکہ شاہراہ 144-Aپر سفر کرنے والے لوگوں کو اب مینڈھر تا پونچھ اور مینڈھر تا جڑانوالی گلی سرنکوٹ سفر کرنا پڑرہا ہے ۔اس کے علاوہ جموں پونچھ شاہراہ کے مذکورہ حصے کے دیہات گنجان آباد ہیں جبکہ عام لوگوں کو ہسپتالوں کیساتھ ساتھ دیگر علاقو ں میں کام کاج کے سلسلہ میں بھی کئی کلو میٹر کا اضافی سفرکرنا پڑرہا ہے ۔ٹر ک ڈرائیوروں کے مطابق بھمبر گلی مینڈھر تا پونچھ سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے اس پر ما لبر دار گاڑیوں کا سفر کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے جبکہ اس مشکل سفر کے علاوہ ان کو اضافہ سفر بھی طے کرنا پڑرہا ہے ۔انتظامیہ کے مطابق شاہراہ پر ٹریفک کو احتیاطی طو ر پر بند رکھا گیا ہے تاہم گزشتہ دنوں جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے مسافرو ں کو ہدایت جاری کی گئی تھی کہ وہ سفر کیلئے متبادل راستے اختیار کریں ۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ نے بتایا کہ شاہراہ کو بھاٹہ دھوڑیاں علاقہ میں چل رہے انکائو نٹر کی وجہ سے بند رکھا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی ایجنسیوں اور فوج کی جانب سے ہری جھنڈی ملنے کے بعد ہی شاہراہ کو بحال کیا جاسکتا ہے ۔