بھمبر گلی میں خطر ناک کہرا

سرنکوٹ //جموں پونچھ شاہراہ پر بھمبر گلی کے مقام پر برفباری کے بعد بھاری پھسلن پیدا ہواہے جس کی وجہ سے اتوار کے روز لگ بھگ دو گھنٹے تک ٹریفک معطل رہااور بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے مسافروںکو مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔ حالیہ دنوں بھمبر گلی میں بھاری برفباری ہوئی جس کے بعد اگرچہ سڑک برف سے صاف ہوگئی ہے تاہم شدت کی سردی کی وجہ سے کہرا جمع ہوگیاہے جس پر گاڑیوں کو حادثہ کا خطرہ رہتاہے ۔ اتوار کے روز کئی گاڑیاں کہرے کی وجہ سے سڑک سے پلٹ جاتے جاتے رہ گئیں اور اس وجہ سے ٹریفک کا نظام دو گھنٹوں تک کیلئے معطل ہوکر رہ گیا ۔شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں نے بتایاکہ گاڑیوں کو ایک ایک کرکے آگے چھوڑاجارہاہے اور سارا نظام ہی درہم برہم ہوکر رہ گیاہے ۔ ان کاکہناہے کہ ٹریفک پولیس اور ضلع پولیس کے اہلکار موقعہ پر موجود ہیں تاہم گریف حکام کی طرف سے کہرے کو صاف کرنے کیلئے کوئی انتظام نہیں کیاگیا اور نالیوں پر پانی نہیں بلکہ کہرا ہی کہرا نظر آتاہے ۔ایک مسافر طارق مغل نے بتایاکہ اس صورتحال کی وجہ سے انہیں لگ بھگ دو گھنٹے ضائع کرنے پڑے اور ساتھ ہی جان لیوا خطرہ محسوس ہوا۔انہوںنے کہاکہ ایسے کہرے پر سفر کرنا خطرے سے خالی نہیں ہے اور ذراسی کوتاہی سے جان جاسکتی ہے ۔انہوںنے مزید بتایاکہ انہوںنے کچھ گاڑیوں کو حادثات سے بچتے ہوئے دیکھا جبکہ کئی گاڑیاں پھسل کر آگے پیچھے جاتے دیکھیں ۔انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ فوری طور پر اقدامات کرکے کہرے کو ختم کیاجائے تاکہ کسی طرح کا کوئی حادثہ رونما نہ ہونے پائے ۔مسافروں نے کہاکہ نمک کا استعمال کرکے کہرے کی شدت کو ختم کیاجائے تاک گاڑیاں آسانی کے ساتھ آجاسکیں ۔