بھلیسہ کے 2 طالب علم بھدرواہ سے لاپتہ | والدین فکر مند، گمشدگی رپورٹ درج، تلاش جاری :پولیس

ڈوڈہ //گورنمنٹ ڈگری کالج بھدرواہ میں زیر تعلیم بھلیسہ کے دو طالب علم پچھلے تین دن سے لاپتہ ہیں جس کی وجہ سے ان کے رشتہ داروں میں سخت تشویش پائی جارہی ہے۔اطلاعات کے مطابق بلال احمد ولد نذیر احمد (19) ساکنہ سنو و شاہجہاں ولد محمد عباس (18)ساکنہ کھڑنگل بھلیسہ گورنمنٹ ڈگری کالج بھدرواہ میں زیر تعلیم تھے اور رواں ماہ کی 17 تاریخ سے لاپتہ ہوئے ہیں۔اس دوران دونوں گمشدہ بچوں کے والدین نے تھانہ پولیس بھدرواہ میں جمعہ کے روز گمشدگی رپورٹ درج کروائی ہے۔بلال احمد کے ایک قریبی رشتہ دار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ گھر سے بھدرواہ پڑھنے گیا ہے اور کل شام کو انہیں اس کی لاپتہ ہونے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد سے وہ فکر مند ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی ان کے بارے میں کوئی جانکاری نہیں ملی ہے اور فون بھی بند ہیں۔ایس ڈی پی او بھدرواہ محمد غفور نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پولیس تھانہ میں گمشدگی رپورٹ درج کی ہے اور والدین و اپنے ذرائع کی مدد سے ان کی تلاش شروع کی گئی ہے۔