بھلیسہ میں کوئز مقابلے کا انعقاد

ڈوڈہ//سلفیہ ماڈل اسکول جوڑا بھلیسہ میں ایک کویز مقابلے کا انعقادکیا گیا جس میں میںمختلف جماعتوں میں زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔اس موقع پر اسلامی جمعیت طلباء ضلع ڈوڈہ کے رکن ریاض احمد گنائی بطورِ مہمانِ خصوصی اور مقامی معزز شہری محمد اسلم بٹ بطورِ مہمانِ اعزازی  موجود تھے جنہوں نے اول دوم اور سوم آنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے۔مقابلے میںمونک نے پہلی،نمرہ بانو نے دوسری جب کہ انشاء بانو نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پر ریاض احمد نے اسکول کے اساتذہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقابلے سے معلوم ہوا ہے کہ  بچوں کو تیار کرنے کے لئے کافی محنت کی گئی ہے اور اسکول کے سبھی بچے بہت قابل اور ذہین ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ایک ایسے علاقہ میں جہاں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اورکوئی سڑک رابطہ تک نہیں ہے،اسکول چلانا آسان کام نہیں ہے۔اُنہوں نے کہا کہ یہ سب اسکول کے پرنسپل طارق حسین کی کاوشوں اور محنتوں کا ثمرہ ہے جس کے لئے اُن کی جتنی بھی سراہنا کی جائے کم ہے۔اُنہوں نے مقامی لوگوں خصوصاً اسکول میں زیرِ تعلیم طلباء و طالبات سے اپیل کی کہ وہ اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں تاکہ یہ اسکول اُس مقصد کو پورا کر سکے جس کے لئے اس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔اس سے قبل محمد اسلم بٹ نے بھی اپنے خطاب میں اسکول عملہ اور انتظامیہ کی محنتوں کو سراہا اور اُن کو اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔