بھدرواہ ڈویژن میں جنگلات کا ناجائز کٹاؤ

ڈوڈہ //ڈوڈہ کی جنگلات ڈویژن بھدرواہ میں سبز سونے کا ناجائز کٹاؤ جاری ہے اور محکمہ اسمگلروں کو بے نقاب کرنے میں ناکام رہا ہے۔ادھر سیول سوسائٹی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگل مافیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق بھدرواہ کے رینج نیرو، چرالہ و بھلیسہ کے متعدد کمپارٹمنٹس میں بڑے پیمانے پر جنگلات کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔سماجی کارکن اظہر الدین نے کہاکہ اسمگلر محکمہ جنگلات کی ملی بھگت سے سبز سونے کو کاٹا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف محکمہ جنگلات پیڑ پودوں کے بچاؤ کے لئے بڑے دعوے کررہا ہے دوسری طرف زمینی سطح پر سبز سونے کی اسمگلنگ جاری ہے۔انہوں نے حکام سے جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کرنے و اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔رینج آفیسر بھلیسہ سریش جموال نے دعویٰ کیا کہ محکمہ نے اسمگلروں کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو مہینوں سے بھلیسہ رینج سے چارمیکینکل کٹر ضبط کئے ہیں جبکہ منصف کورٹ میں جنگلات ایکٹ کے تحت پانچ معاملات پیش کئے ہیں جن میں بارہ کے قریب لوگوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے سیول سوسائٹی سے جنگلات کے تحفظ کیلئے اپنا بھرپور تعاون دینے کی اپیل کی ۔