بھدرواہ میں7 ویں روز کرفیو میں 3 گھنٹے کی نرمی، انٹرنیٹ پر پابندی بدستور

نیوز ڈیسک
ڈوڈہ //ڈوڈہ کے ایڈیشنل ضلع بھدرواہ میں مسلسل 7 روز کرفیو نافذ رہنے کے بعد آج تین گھنٹے کی ڈھیل دی گئی جس کے بعد قصبہ میں لوگوں کی کافی بھیڑ رہی۔

 

اس دوران موبائل انٹرنیٹ و براڈ بینڈ خدمات بھی معطل ہیں۔ 

 

تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کی 9 تاریخ کو بھدرواہ میں گستاخ رسول کے خلاف ہوئے احتجاج کے دوران پیدا تنازعہ پر انتظامیہ نے وادی چناب کے تینوں اضلاع میں کرفیو نافذ کر کے انٹرنیٹ سروسز کو معطل کیا تھا تاہم پیر کو ڈوڈہ، ٹھاٹھری و گندوہ سے بندشیں ہٹائی گئیں اور بھدرواہ میں کرفیو بدستور نافذ رہا۔ 

 

اے ڈی سی بھدرواہ چوہدری دلمیر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سیول سوسائٹی کے ساتھ متعدد بار بات چیت کے بعد آج انتظامیہ نے دوپہر ساڑھے تین بجے سے لے کر پانچ بجے تک کرفیو میں نرمی برتی جس کے پرامن طریقے سے تمام بازار کھل گئے اور بھاری تعداد میں لوگ خرید و فروخت کر کے اپنے گھروں کو واپس لوٹے۔

 

انہوں نے کہا کہ حالات بہتری کی طرف آرہے ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید نرمی برتی جائے گی۔

 

 اے ڈی سی نے سیول سوسائٹی سے امن و اماں قائم رکھنے میں انتظامیہ کو اپنا ہر ممکن تعاون دینے کی اپیل کی۔