بھدرواہ میں 5گھنٹوں کی ڈھیل

اشتیاق ملک+عاصف بٹ
ڈوڈہ +کشتواڑ// کرفیو زدہ قصبہ بھدرواہ میں 7ویں روز 5گھنٹے کی ڈھیل دی گئی اور اس دوران حالات پر امن رہے۔بدھ کو چھٹے روز سہ پہر کو 2گھنٹے کی ڈھیل دی گئی تھی۔ادھرڈوڈہ ضلع میں مسلسل ساتویں روز بھی موبائل انٹرنیٹ و براڈ بینڈ سروسز معطل رہیں۔ضلع کے دیگر مقامات پر معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں جبکہ پانچ روز بعد اسکول بھی دوبارہ کھل گئے۔ گذشتہ ہفتے جمعہ کو شام سے ہی ضلع بھر میں موبائل انٹرنیٹ و براڈ سروسز بند ہیں اور ڈوڈہ و ،بھدرواہ میں کرفیو و ٹھاٹھری اور گندوہ میں دفعہ 144 نافذ کیا گیا۔اس دوران تعلیمی ادارے بھی پانچ روز تک بند رہے،تاہم انتظامیہ نے سیول سوسائٹی کے ساتھ بات چیت کے بعد ڈوڈہ، ٹھاٹھری و گندوہ سے تمام بندشیں ہٹائیں اور بھدرواہ میں کرفیو بدستور جاری رکھا۔ ایڈیشنل ڈی سی بھدرواہ چوہدری دلمیر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کو پانچ گھنٹے (9تا 12 صبح و شام 3 سے 5)کی ڈھیل دی گئی جس دوران سبھی کاروباری ادارے کھل گئے اور کثیر تعداد میں لوگ خرید و فروخت کے بعد اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حالات دن بدن بہتری کی طرف آرہے ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید بہتر ہونے کے امکانات ہیں۔ اے ڈی سی نے کہا کہ صوبائی و ضلع انتظامیہ امن و امان قائم کرنے کے لئے ہر طرح کے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ضلع مجسٹریٹ ڈوڈہ وکاس شرما اور ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم کرفیو نافذ ہونے سے ہی قصبے میں مسلسل خیمہ زن ہیں اور وہاں حالات پر باریک بینی سے نظر گذر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے لوگوں سے امن و قانون کی صورتحال کو قائم رکھنے کی اپیل کی ہے اور یہ یقین دہانی کی ہے کہ علاقے سے بہت جلد تمام تر پابندیوں کو ہٹایا جائے گا۔ادھرگزشتہ جمعہ سے ضلع کشتواڑ میں عائد بندشیں بدھ کے روز ختم کی گئیں۔جمعرات کودوسرے روز بھی سبھی تجارتی مراکز، و دیگر سرگرمیاںبحال ہوگئیں۔اگرچہ ضلع کے دیگر علاقہ جات میں عائد بندشوں کوپہلے ہی ختم کردیاگیاتھا تاہم قصبہ  میںبدھ کو ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے عائد بندشیں ختم کردی گئیں تھیں، جبکہ شام سات بجے دوبارہ کرفیو نافد کردیا گیا۔ اور سڑکوں پر خاردارتاریں بچھائی گئی۔ ضلع کے دیگر علاقہ جات میں اگرچہ تعلیمی اداروں کو کھولاگیاتھا تاہم قصبے کے اندر سبھی طرح کے تعلیمی ادارے مسلسل ساتویں روز بھی بند رہے۔  ضلع بھر میںانٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی ۔