بھدرواہ میں گھوڑ دوڑ کا اہتمام

بھدرواہ //بالائی اور پہاڑی علاقوں میں مقیم لوگوں کو مشکل ترین زندگی سے راحت دلانے کے لئے بھدرواہ میں مقیم آر آر کی جانب سے جمعرات کے روز پدری گلی میں ایک گھوڑ دوڑ کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقعہ پر جموں یونیورسٹی بھدرواہ کیمپس کے ریکٹر پروفیسر جی ایم بٹ مہمان خصوصی تھے جبکہ ایس پی آپریشنز مہمان ذی وقار تھے۔ کمانڈنگ افسر آر آر نے پروگرام کی قیادت کی۔پروگرام میں نظامت کے فرائض نامور دانشور عارف رانا نے انجام دئے۔بھدرواہ کیمپس کے ریکٹر نے کمانڈنگ افسر آر آر کے ہمراہ پروگرام کا افتتاح کیا ۔گھوڑ دوڑ کو لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے دیکھا ۔کوٹہ ٹاپ کے ایک خانہ بدوش مختار دھاکڈ نے کہا کہ ہم فوج کی جانب سے معاونت کر نے پر کافی خوش ہیں ۔اس نے کہا کہ فوج نے ہمارے لئے گھوڑ دوڑ کا اہتمام کیا اور ہمیں مشکل ترین حالات  میں خوشیوں کا اظہار کرنے کیلئے ایک موقعہ فراہم کیا ۔اس نے کہا کہ فوج گذشتہ کئی برسوں سے یہ دوڑ منعقد کر رہی ہیاور ہماری حوصلہ افزائی کرنے کے لئے نقد انعامات بھی فراہم کرتی ہے۔دوڑ میں خاجار چمبہ کے فخر علی نے دوڑ جیت کر 20,000 روپے نقد انعام حاصل کیا ۔جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو بالترتیب 15000اور 10000 روپے کا انعام دیا گیا ۔اس موقعہ پر شرکاء نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل مین بھی اس قسم کی دوڑ منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔بعد ازاں ، فوج کی جانب سے ایک مفت طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا ، جس میں مقامی لوگوں کا مفت معاینہ کرنے کے ساتھ ساتھ ضرورت مندوں میںمفت ادویات بھی تقسیم کئے گئے۔