بھدرواہ میں گرلز کھو کھو سدبھاونہ ٹورمنٹ اختتام پذیر

بھدرواہ //وزیر اعظم کے ’’کھیلو انڈیا ،چلو ہم کھیلیں ‘‘کی پہل کو عملی صورت دینے اور دیہی نوجوانوں خصوصاً طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے بھدرواہ میں راشٹریہ رائفلز نے بھدرواہ میں آپریشن سد بھاونہ کے تحت سہ روزہ گرلز کھو کھو سدبھاونہ ٹورمنٹ کا انعقاد کیا، جس کا فائنل گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول بھدرواہ میں ہفتہ کے روز کھیلا گیا ۔ٹورنامنٹ میں13 ٹیموں نے شرکت کی جن کو دو کٹی گریوں جیسے کہ انڈر17- اور انڈر ۔14میںتقسیم کیا گیا تھا ۔ٹورنامنٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ بھدرواہ کے مختلف سکولوں کی ٹیموں نے شرکت کی۔انڈر۔14 کٹیگری میں آدرش ودیا بھون سکول بھدرواہ نے کیندریہ ودیالیہ بھدرواہ کو شکست دی جبکہ انڈر17-  کٹیگری میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول بھدرواہ نے ہائی اسکول نچلاتھاراکو شکست دی۔ اس موقعہ پر انچارج پرنسپل جے ایس چاڑک، ڈاکٹر نذیر احمد ، میناکماری ،پی ای ایم آفتاب عالم ،انیتا و دیگران بھی موجود تھے۔اس سلسلہ میں ٹورنامنٹ کے اختتام پر ایک اختتامی تقریب کا اہتما م  کیا گیا ،جس میں دونوں فاتح اور دوسرے نمبر کی ٹیموں کو نقد انعام  کے علاوہ ٹرافیاں اور میڈل سے نوازاگیا ۔ انڈر۔14 کٹیگری میں آدرش ودیا بھون سکول بھدرواکی سونیا دیوی  جبکہ انڈر17- کٹیگری میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول بھدرواہ کی کرن دیوی کو بطور بہترین کھلاڑی کے عزت افزائی کی گئی۔ٹورنامنٹ کا افتتاح 4 ۔آر آر کے کوارٹر ماسٹر میجر راجو نے کیا تھا ،ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں نے فوج کی جانب سے ٹورنامنٹ منعقد کرنے کی کافی ستائش کی اور کہا کہ اس سے انکو حوصلہ افزائی ہوئی ہے ،جس سے وہ ایک پیشہ ور کھلاڑی بن سکتے ہیں۔فوج نے اس موقعہ پر یقین دلایا کہ وہ انکے لئے ایک بڑا اور بہتر پلیٹ فارم مہیا کریں گے۔